عمران خان کو 22 کروڑ لوگ بددعائیں دے رہے، بزدار کے فضائی دورے پر عظمیٰ بخاری کا ردعمل
عمران خان کو 22 کروڑ لوگ بددعائیں دے رہے، بزدار کے فضائی دورے پر عظمیٰ بخاری کا ردعمل
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملکہ کوہسار مری کے متاثرہ علاقے کا فضائی دورہ کیا۔
عثمان بزدار نے وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کے ہمراہ فضاء سے مری کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
فضائی دورے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو ریلیف کمشنر نے امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
دوسری جانب عثمان بزدار کے فضائی دورے پر مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
‘عثمان بزدار ہیلی کاپٹر پر بیٹھ کر مری کی برف دیکھنے پہنچے’
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار ہیلی کاپٹر پر بیٹھ کر مری کی برف دیکھنے پہنچے، عثمان بزدار کل صبح 10 بجے سے شاید ہیلی کاپٹر تلاش کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ پنجاب کا ملکیتی ہیلی کاپٹر سیاحوں کو ریسکیو کرنے کےلیے استعمال کیوں نہیں ہوا؟ کیا یہ ہیلی کاپٹر حکومتی لوگوں کو اٹھانے کے لیے ہے؟
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کو 22 خاندان نہیں 22 کروڑ لوگ بددعائیں دے رہے ہیں، حکمرانوں کو آج لواحقین کے پاس ان کے گھروں میں ہونا چاہیے تھا۔