جاز سم اور دیگر موبائل فون کمپنیوں نے مری اور نتھیا گلی میں مفت کال کی سہولت فراہم کردی
موبائل فون کمپنی جاز (JAZZ) سمیت دیگر کمپنیوں نے مری اور نتھیا گلی میں ایمرجنسی صورتحال کے دوران عوام کی سہولت کیلئے خصوصی سروس کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان جاز کے مطابق مری اور نتھیا گلی میں لوگوں کی سہولت کیلئے ایمرجنسی صورتحال کے دوران جاز نیٹ ورک پر آن نیٹ کالز فری کی جا رہی ہیں جس کے تحت جاز صارفین کم بیلنس یا بنڈلز ختم ہونے کے باوجود بھی کالز کر سکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں شدید مشکل حالات کے باوجود جاز نیٹ ورک کو فعال رکھنے کی ہر ممکن کوشش جاری ہے۔
پریس ریلیز : مری اور گلیات کے علاقوں میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بیلنس نہ رکھنے والے وہ موبائل فون صارفین جو اس وقت ان علاقوں میں موجود ہیں، انہیں فوری طور پر مفت آن نیٹ کالوں کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
— PTA (@PTAofficialpk) January 9, 2022
دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق مری اور گلیات کے علاقوں میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بیلنس نہ رکھنے والے وہ موبائل فون صارفین جو اس وقت ان علاقوں میں موجود ہیں، انہیں فوری طور پر مفت آن نیٹ کالز کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کی ہدایت پر موبائل فون آپریٹرز نے گلیات کے علاقوں میں پھنسے ہوئے صارفین کو صفر بیلنس ہونے پر اپنے نیٹ ورک کے نمبروں پرمفت کال کی سہولت فراہم کردی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق تمام ٹیلی کام آپریٹرز کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ صارفین کو بلاتعطل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور بجلی کی بندش کی صورت میں خاطر خواہ متبادل انتظامات ضرور رکھیں۔