پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد تک پہنچ گئی
پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 20 افراد انتقال کر گئے اور 7586 نئے مریض بھی سامنے آئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 58334 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 7586 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 20 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد رہی۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29097 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ67 ہزار 605 تک پہنچ چکی ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 647 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 68 ہزار 245 ہو گئی ہے۔