اقتدار سے نکالنے پر مزید خطرناک ہونےکی دھمکیاں گیدڑ بھبکیوں کے سوا کچھ نہیں، مریم
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان کی گفتگو کو گیدڑ بھبکی قرار دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان کی عوام سے فون کالز پر کی گئی گفتگو کے ردعمل میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کی دھمکیاں کہ اقتدار سے نکالا گیا تو مزید خطرناک ہوجاؤں گا، گیدڑ بھبکیوں کےسوا کچھ نہیں ہیں، نہ آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھےعوام کھڑی تھی نہ آپ بیچارے اور مظلوم ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ سازشی ہیں اور مکافاتِ عمل کا شکار ہوئے ہیں، اب رونے دھونے اور ڈرامہ کرنےکا کوئی فائدہ نہیں، سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں، جتنی دیر آپ اقتدار سے چپکے رہیں گے عوام کی مشکلات مزید بڑھنےکا باعث بنیں گے، آپ عبرت ناک شکست کھا چکے ہیں، جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو حکومت میں چار سال ہوگئے لیکن وہ اب بھی رونا دھونا مچا رہے ہیں، جن کارٹلز کی شکایت کر رہے ہیں وہ ان کے دائیں بائیں ہیں، ان کارٹلز نے 220 ملین کی رقم لوٹی اور ان کا کچن چلا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شریف فیملی اور ن لیگ کےخلاف بنائےگئےکیسز جھوٹے اور من گھڑت ہیں، شریف فیملی اور ن لیگ کے خلاف کیسوں کا یہی حشر ہونا تھا جو ہوا، آپ کے پاس الزام کے لیے صرف کینہ اور انتقام ہے۔