102

اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر چل کر ربِ رحمان کی خوشنودی کو پایا جا سکتا ہے،پیر محمدنقیب الرحمن

اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر چل کر ربِ رحمان کی خوشنودی کو پایا جا سکتا ہے،پیر محمدنقیب الرحمن

راولپنڈی ( بیورو چیف )عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر چل کر ربِ رحمان کی خوشنودی کو پایا جا سکتا ہے۔خانقاہی نظام کا یہ خاصہ رہا ہے کہ اس سے منسلک اور اس کی طرف رجوع کرنے والی مخلوقِ خدا کے دلوں کو نورِ عشقِ مصطفی ﷺ سے منور کر کے ایک ایسے مہذب اور با اخلاق معاشرے کو پروان چڑھایا جائے

جہاں احترامِ آدمیت، حسنِ اخلاق، محبت و اخوت، روا داری اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کے جذبات سے بھر پور انسانی اخلاق و کردار کی ایسی نشو نما کی جائے کہ دین و دنیا میں حقیقی کامیابی بندگانِ خدا کا مقدر بن جائے۔حضور نبی رحمت ﷺ کا ارشادِ پاک ہے کہ ابنِ آدم کے وجود کے اندر گوشت کا ایک لوتھڑا دل ہے۔ جب انسان کا دل پاک صاف ہو کر سنور جاتا ہے تو اس کا سارا وجود سنور جاتا ہے

اور دل بگڑ جائے تو انسان کا سارا وجود بگڑ جاتا ہے۔ دلوں کی اس پاکیزگی اور طہارت کے لئے خانقاہی نظام نے کلیدی کردار ادا کیا اور بے شمار مخلوقِ خدا کے قلوب و باطن کا تزکیہ کیا۔ خانقاہی نظام نے ہمیشہ دوسروں کی بجائے اپنی اصلاح، کسی پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے اس کو عزت دینے، ہر قسم کے تعصب ، نفرت، فرقہ واریت، انتشار پسندی کے خاتمے اور مخلوقِ خدا کو آپس میں با ہم شیر و شکر کرنے کی تعلیم دی اور مخلوقِ خدا کے قلوب و اذہان میں یہ نورانی تعلیم نقش کی کہ بروزِ قیامت زمین پر کی گئی

ذرہ برابر نیکی اور ذرہ برابر شر ہمارے سامنے موجود ہو گا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ بے شمار مخلوقِ خدا کی زندگیاں اعلیٰ ترین اسلامی تعلیمات میں ڈھل گئیں اور مخلوق نے اپنے دنیا میں آنے کا واحد مقصد جو کہ ربِ رحمان کی عبادت اور خوشنودی کو پانا ہے اسے سمجھا اور عارضی دنیاوی زندگی کے بدلے اپنی ہمیشہ کی اخروی زندگی کی کامیابی و کامرانی کے لئے محنت و کوشش کی۔ اللہ تعالیٰ کا خوف ایک ایسا خوبصورت حصا ر ہے جو بے چینی اور بے اطمینانی نکال کر انسانی توجہ اپنی ذات کی اصلاح کی جانب کروا دیتا ہے

جس کی وجہ سے انسان کو ہمیشہ فکرِ آخرت رہتی ہے اور اس وجہ سے اس کی زندگی پاکیزہ ، گمان، نیک اور نیت درست ہو جاتی ہے۔اصلاحی و دینی اعتبار سے خانقاہی نظام کی خدمات آبِ زر سے لکھنے کے قابل ہیں۔ آج بھی امتِ مسلمہ اگر سچے دل اور خلوصِ نیت سے غلامیِ مصطفی ﷺ ، اتباعِ شریعتِ مطہرہ اور دینِ متین اسلام کی سنہری تعلیمات پر سچے دل سے عمل پیرا ہو جائے تو دوبارہ اقوامِ عالم میں اپنا منفرد و ممتاز مقام حاصل کر سکتی ہے

۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیرمحمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی ، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے کرونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں