رفاہ انٹرنیشنل یوںیورسٹی، سٹی کیمپس اسلام آباد میں شعبہ انفارمیشن سروسز کی جانب سے سجنے والا دو روزہ کتاب میلہ اختتام پذیر
اسلام آباد (بیورو چیف ) نوجوان نسل کو کتابوں کے ساتھ جڑے رشتوں کی یاد تازہ کرنے، تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے اور نئی منزلیں متعارف کرانے کے لیے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں دو روزہ کتاب میلہ کا انعقاد کیا گیا ، کتاب میلہ میں پاکستانی اور عالمی سطح کے پبلشرز اور جدید کتابوں کے فروغ کے لیے فرائض سر انجام دینے والے مندوبین نے نہ صرف شرکت کی بلکہ مختلف مضامین پر مشتمل کتب
سمیت مختلف شعبہ جات کی آگاہی فراہم کرنے والی دور جدید کی کتابوں کو بھی پیش کیا، تعلیمی ایکسپو پر مبنی دو روزہ کتاب میلہ کا مقصد نوجوانوں میں لکھنے کی صلاحیت کو مزید نکھارنے کے ساتھ ساتھ مختلف ریسرچ ورک کرنے کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی ، ایجوکیشن ایکسپو کو دیکھنے کے لیے مختلف کیمپسز سے تعلیمی ماہرین ، فارماسٹس ، میڈیکل ایکسپرٹس، ثقافتی ماہرین اور دیگر محققین کے
ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد وائس چانسلر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نے کہا کہ تعلیمی ایکسپو کا مقصد نوجوان نسل کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق جدید تعلیم کی مختلف اصناف اور کتابوں سے روشناس کرانا ہے تاکہ طلباء و طالبات تعلیمی میدان میں عالمی سطح کے تعلیمی معیار کے مطابق خود کو ڈھال کر بہتر انداز میں ملک و قوم کی خدمت سر انجام دے سکیں، انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی تعلیمی استطاعت کو بڑھانے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے تعلیمی ایکسپو کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
کتاب میلہ کی اختتامی تقریب میں محمد فاروق ڈائریکٹر انفارمیشن سروسز نے منتظمین اور پبلشرز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور اعادہ کیا کہ اس طرح کے ایجوکیشن ایکسپو باقی کیمپسسز میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔
نوجوان نسل کی کتابوں سے دوستی کرانے کے اہم ترین کام کو بااحسن طریقےسے انجام دینے اور ایک شاندار کتاب میلہ کے انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد اور ڈائریکٹر محمد فاروق نے ہیڈ آف انفارمیشن سروسز، سٹی کیمپس ظہور احمد اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا-