اسلام آباد ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں “ٹیک ہائی ایڈ” کے موضوع پر ہونے والی دو روزہ آن لائن بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر
اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں “ٹیک ہائی ایڈ” کے موضوع پر ہونے والی دو روزہ آن لائن بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ آن لائن بین الاقوامی کانفرنس کے دوسرے روز پہلا مقالہ لانگ آئی لینڈ یونیورسٹی نیویارک، امریکا کی پروفیسر ڈاکٹر ہیلنا مارشل کا تھا۔
مقالہ آن لائن تعلیمی سلسلے میں انفرادی اور اجمتاعی سطح پر سماجی روابط کو فروغ دینے کے حوالے سے تھا جس کے بعد ایمریٹس کالج برائے اعلی تعلیم سے ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پیٹریشیا فڈالگو نے اپنا کلیدی مقالہ پیش کیا۔ ان کے مقالے کا موضوع وبا کے دوران فاصلاتی طریقہ تعلیم کی اہمیت پر تھا۔
کلیدی مقالے کے بعد پاکستان سے دو ماہرین تعلیم نے اپنے مضامین پیش کیے۔ ایمرسن یونیورسٹی ملتان سے پروفیسر ڈاکٹر ضیا احمد نے “عمرانیات کی کلاس میں پسکورونا وائرس کی وبا کے دوران تدریسی مسائل کے حل” پر ایک مبسوط مضمون پڑھا۔ دوسرا مضمون انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ خواتین کی نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ ملک کا تھا جنہوں نے اعلی تعلیم میں ٹیکنالوجی کے کردار کے حوالے جامع تجاویز پیش کیں
جس کے بعد متوازی سیشنز کا سلسلہ شروع ہوا۔ فاسٹ یونیورسٹی لاہور کیمپس کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر سمیرا سرفراز نے یکساں نصاب میں ڈیجٹل تکنیک کے ذریعے انگریزی کی تدریس کی وسیع تر تناظر میں افادیت پر مضمون پڑھا۔ وقفے کے بعد ٹربوکا یونیورسٹی انڈونیشیا سے ڈاکٹر ڈکی نے آن لائن تدریس میں میٹاورس پر کلیدی مقالہ پیش کیا
جس کے بعد پروفیسر ڈاکٹر وسیمہ شہزاد کی صدارت میں سمارٹ ہائر ایجوکیشن کے موضوع پرایک بہت دلچسپ اور مفید پینل مکالمے کا آغاز ہوا۔ اس مکالمے میں انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سے ڈاکٹر فوزیہ جنجوعہ، نبشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد سے ڈاکٹر حماد مشتاق، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی سے ڈاکٹر عاکفہ امتیاز اور کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ڈاکٹر عمر فاروق نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت اور بعد ازاں قومی ترانے سے ہوا۔
مارشل(ر) جارید احمد، ہلال امتیاز ملٹری، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی اسلام آباد نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر فیکلٹی آف سوشل سائنسز ائر یونیورسٹی اسلام آباد کو مبارک باد پیش کی اور ان کی مساعئی جمیلہ کو سراہا۔ انہوں نے ڈین پروفیسر ڈاکٹر منور اقبال احمد، چیئر انگلش، ڈاکٹر فرزانہ مسرور، چیئر ہیپ، ڈاکٹر صہیب سلطان، فوکل پرسن ڈاکٹر سعدیہ ارشاد کو بالخصوص اور منتظمین و شرکا کو بالعموم خراج تحسین پیش کیا
۔ وائس چانسلر صاحب نے کانفرنس میں دنیا کے مختلف ممالک سے مقالہ جات پیش کرنے والے پروفیسر خواتین و حضرات کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں فوکل پرسن ڈاکٹر سعدیہ ارشاد نے کانفرنس سے اخذ کردہ اہم نکات اور تجاویز پیش کیں۔ ڈاکٹر فرزانہ مسرور، چیئر انگلش ڈیپارٹمنٹ نے اختتامی کلمات ادا کیے اور چیئرہیپ، ڈاکٹر صہیب سلطان نے شرکاء کا رسمی شکریا ادا کیا۔