نفرت عمران خان سے نہیں ان کی سوچ سے ہے، آصف زرداری
نفرت عمران خان سے نہیں ان کی سوچ سے ہے، آصف زرداری
سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے عمران خان کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ ان کی حکومت ہٹانے کیلئے اپوزیشن نے امریکا کے ساتھ مل کر سازش کی۔
سابق صدر آصف زرداری نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کو جھوٹا قرار دے دیا اور کہا کہ عمران حکومت ہٹانے کیلئے ان کی تین سال سے اتحادیوں کے ساتھ بات چیت چل رہی تھی، شہباز شریف کے ساتھ خفیہ بات چیت بھی جاری تھی۔
آصف زرداری نے کہا کہ شہباز کو وزیراعظم نامزد بھی انھوں نے کیا اور انھیں وزارت عظمیٰ سنبھالنے پر راضی بھی کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کب کرانا ہے یہ فیصلہ مل جل کر کریں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ایک پاکستانی بزنس مین نے پاکستان میں عمران خان کو فنانس کیا، اس بزنس مین کا مقدمہ اب امریکا میں چلنے والا ہے۔
ہم تو ابھی بھی چاہتے ہیں پرویز الٰہی سیاسی دائرے میں واپس آجائیں، زرداری
سابق صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان شروع سے ہی جھوٹ بولتے ہیں، مجھے 8 ماہ کیلئے سرکاری مہمان بنایاگیا، پھرمیاں صاحب چلے گئے تھے، اسفندیارولی میری بات مانتے ہیں،اتحاد میں ہم دینے والوں میں سے ہیں، پیپلزپارٹی نےہمیشہ دیا ہے، جتنے بھی دوست اتحاد میں ہیں ان کے ساتھ ہمارے معاہدےہوئے ہیں، میں نے ان سب کو اکٹھا کیا ہے ، ان کے جائز مطالبات کوپورا کیا جائے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ایم کیوایم کے ساتھ معاہدے کا ضامن بھی میں ہوں، پرویز الٰہی ہم سے تھوڑے سینیئر ہیں، ہم ان کے لیے کوشش کرتے رہے، جب بچے بڑے ہوجاتے ہیں تو مسئلہ ہوتا ہے، کسی نے پرویز الٰہی کو مس گائیڈ کیا، ہم تو ابھی بھی چاہتے ہیں پرویز الٰہی سیاسی دائرے میں واپس آجائیں۔
بلاول وزیرخارجہ بنتے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ سی ای سی کرےگی، آصف زرداری
سابق صدر نے کہا کہ ’میں نے شہباز شریف کو وزیر اعظم بننے کی پیشکش کی تھی، شہباز شریف کو کہا کہ آپ وزیر اعظم بن جائیں میرے پاس 70 ووٹ ہیں، اتحادیوں سے رابطے میں تھا، مجھے پتا تھا کہ وہ میرے ساتھ آئیں گے، اتحادیوں کو پتا ہے کہ جو میں نے وعدہ کیا وہ پورا کروں گا۔
آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ نفرت عمران خان سے نہیں اس کی سوچ سے ہے، بلاول بھٹو پوری سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کوساتھ لے کرچلتے ہیں، پھرپالیسی بناتے ہیں، بلاول وزیرخارجہ بنتے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ سی ای سی کرےگی۔