عشق حقیقی اور عشق مجازی میں کیا واضح فرق ہے ؟
درویش سے ایک بار سوال کیا تھا کہ عشق حقیقی اور عشق مجازی میں کیا واضح فرق ہے ۔ دونوں عشق ہی تو ہیں اوردونوں میں چاہا جانا ہی تو شرط ہے؟
عشق مجازی کیا ہے ۔ تم کسی انسان کے عشق میں پاگل ہوئے جاتے ہو ۔ چلو ہو گیا عشق ، اب کیا ہو گا ۔ کوئی تمہارے محبوب کی طرف دیکھے تو برا لگے گا ۔ کوئی اس کا عاشق بنے تو اسے قتل کرنے پر تل جاو گے ، کوئی اس سے محبت کی باتیں کرے تو اس داستان گو سے نفرت کرنے لگو گے ۔ عشق مجازی رقیب سے نفرت سکھانے لگتا ہے ۔
عشق حقیقی میں ایسا نہیں ہوتا، یہ تو سراپا عشق ہے ۔ عشق حقیقی میں رقیب سے بھی محبت ہونے لگتی ہے ۔ محبوب کا ذکر کرنے والے کو تلاش کیا جانے لگتا ہے ۔ محبوب کے عاشق سے بھی عقیدت ہو جاتی ہے ۔
عشق مجازی رقیب سے نفرت کا جذبہ ابھارتا ہے لیکن عشق حقیقی رقیب سے قربت پیدا کرتا ہے ۔ درویشوں کی محفل میں سبھی رقیب ہی تو ہوتے ہیں ۔ ایک محبوب اور باقی سب عاشق ایک ہی محفل میں ہوں اور ہاتھ چومتے جائیں ۔ ۔
کوئی ایک داستان گو محبوب کا ذکر چھیڑے ، اس سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرے تو باقی سب سر دھنے لگتے ہیں ۔ عشق حقیقی محبوب سے جڑی ہر چیز میں محبوب دکھلانے لگتا ہے ۔
عشق مجازی میں محبوب سے جڑی چیزیں رکاوٹ معلوم ہونے لگتی ہیں ۔ عشق مجازی میں محبوب سنگ دل ہے ، اکڑتا ہے ، ادائیں دکھاتا ہے ، ناز نخرے اٹھواتا ہے اور اکثر چھوڑ جاتا ہے یہاں برھنگی کا سایہ ملتا ہے ۔
عشق حقیقی میں محبوب لپکتا ہے ، قریب آتا ہے اور چاہت میں ماں کی مامتا کو بھی کہیں پیچھے چھوڑ جاتا ہے ۔اتنا سا فلسفہ ہے اور بس