وزیراعظم کا دورہ بلوچستان، سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 10 لاکھ کا اعلان
وزیراعظم کا دورہ بلوچستان، سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 10 لاکھ کا اعلان
وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان میں سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے فی کس 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔
متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران چیف سیکرٹری بلوچستان نے وزیرِ اعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں پر بریفنگ دی، اس موقع پر وزیراعظم نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔
شہباز شریف نے مختلف علاقوں میں سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی اور سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے فی کس 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ سیلاب سے تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپے دیں گے اور جن گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ان کو دو لاکھ روپے یا اس سے زیادہ رقم دیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان حکومت بھی سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے امداد دے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیلاب سے جو فصلیں تباہ یا مویشی ہلاک ہوئے، اس کے حوالے سے کمیٹیاں بنادی ہیں، وفاق کی سطح پر چار کمیٹیاں بنی ہیں جو چاروں صوبوں سے مشاورت کرکے سروے کریں گی، یہ کمیٹیاں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں سے بھی مشاورت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ بلوچستان میں خواتین اور بچوں سمیت124 لوگ جاں بحق ہوئے۔