22

شیخوپورہ، بھٹہ مزدور فیڈریشن اور روزنامہ ہاٹ ٹائمز لاہور کے زیر اہتمام بھٹہ مزدور کنونشن 2022 کا انعقاد

شیخوپورہ، بھٹہ مزدور فیڈریشن اور روزنامہ ہاٹ ٹائمز لاہور کے زیر اہتمام بھٹہ مزدور کنونشن 2022 کا انعقاد

شیخوپورہ(بیوروچیف/شیخ محمد طیب سے)بھٹہ مزدور فیڈریشن شیخوپورہ اور روزنامہ ہاٹ ٹائمز لاہور کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال کمپنی باغ شیخوپورہ میں بھٹہ مزدور کنونشن 2022 کا انعقاد کیا گیا جسمیں ضلع شیخوپورہ بھر سے بھٹہ مزدوروں اور انکی فیملیز نے کثیر تعداد میں شرکت کی- اس منعقدہ بھٹہ مزدور کنونشن میں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب خرم منور منج، صدر بھٹہ مزدور فیڈریشن یعقوب مسیح مجاہد،

جنرل سیکرٹری پاکستان ٹریڈیونین صفدر حسین ایڈووکیٹ، سیٹھ افتخار علی طیب ایڈووکیٹ، لیبر رہنما رانا محمد اکرم ناز، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفئیر اسحاق حیدر سومرو اور لیبر انسپکٹر شیخوپورہ آصف ورک خصوصی طور پر شریک ہوئے- کمپئرنگ کے فرائض معروف قانون دان صائمہ کلثوم سندھو ایڈووکیٹ نے انجام دئیے- اس کنونشن میں بھٹہ مزدور کثیر تعداد میں ہاتھوں میں فلیکسز اور سرخ رنگ کے جھنڈے تھامے مختلف ریلیوں کی شکل میں اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے شریک ہوئے اور دوران تقریب شرکاء کا جذبہ دیدنی تھا، شرکاء دوران تقریب مقررین کو مسلسل داد دیتے رہے-

اس موقع پر صدر بھٹہ مزدور فیڈریشن یعقوب مسیح مجاہد، جنرل سیکرٹری پاکستان ٹریڈ یونین صفدر حسین سندھو ایڈووکیٹ، سیاسی و سماجی شخصیت و معروف قانون دان سیٹھ افتخار علی طیب ایڈووکیٹ، صائمہ کلثوم سندھو ایڈووکیٹ، رہنما ٹریڈ یونین پاکستان رانا محمد اکرم ناز، صحافی و کالمسٹ شیخ محمد طیب کے علاوہ دیگر بھٹہ مزدور رہنماوں سیٹھ محمد ارشد، روکس مسیح بھٹی، صدیق مسیح و دیگر نے بھی حاضرین سے خطاب کیا، علاوہ ازیں لطیف احسن پنوں ایڈووکیٹ، محسن علی ملہی، اسلم مسیح غوری، سید جاوید صادق شاہ، سیٹھ معراج دین، سینئر صحافی شبیر حسین، مظہر حسین،

فاروق پاشا، معروف اینکر میڈم کشور لودھی، زہرہ بانو، طاہرندیم رامے، بدر منیر سیال، محمد جاوید، عبدالرحمٰن، و دیگر بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے- اس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ حکومتی قوانین پرعملدرآمد نہیں کروایا جارہا، سرعام قانون کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں اور نام نہاد مافیاز اور بھٹہ مالکان نے مزدوروں کے حقوق کے لئے بنائے گئے قوانین کا مذاق اڑارکھا ہے جس سے ہمارے حقوق سلب ہوچکے ہیں اور متعلقہ حکام خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں، مقررین کا یہ بھی کہنا تھا

کہ بارہا احتجاج کے باوجود متعلقہ حکام ان غریب بیچارے مزدوروں کے حقوق دلانے میں ناکام ہیں، حکومتی سطح پر بھٹہ مزدوروں کو کسی بھی قسم کی سہولت دلانے کے لئے مخلصانہ پیشرفت نہیں کی گئی جس کے باعث بھٹہ مالکان حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اجرت و دیگر جملہ مراعات دینےسے گریزاں ہیں- اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب خرم منور منج نے کہا کہ بھٹہ مزدور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جنہیں خوشحال کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب دیکھنا ممکن نہیں،

وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے- انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت بھٹہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، بھٹہ مزدوروں کی سہولت کیلئے بے شمار اقدامات کئے جا چکے ہیں اور بیشتر انقلابی فیصلے مزید بھی کئے جا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ کونسل ہال شیخوپورہ میں بھٹہ مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خرم منور منج نے مزید کہا کہ بھٹہ مزدور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انہیں خوشحال کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب دیکھنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدور بھائیوں کا نمائندہ بن کر ان کو درپیش مسائل سے، وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کروں گا اور ان مسائل کے ازالے کیلئے فوری اقدامات بروئے کار لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں