پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی جانب سے محفل میلاد مصطفی و سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سیمینار کا انعقاد
اس بابرکت محفل میں کثیر تعداد میں اہل ایمان نے شرکت کی۔جناب محمد سعیداللہ یوسفزئی، ممبر(فنانس)، جناب فلک ناز، ممبر(کوآرڈینیشن) اور جناب محمداسحاق، سیکرٹری( کونسل )پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے ساتھ جناب صاحبزادہ نجم المصطفی صاحب نے اس بابرکت محفل کی صدارت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیاگیا۔صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری نذیر احمد نعیمی نے تلاوت کلام پاک کا شرف حاصل کیا۔
تلاوت کلام پاک کے بعدثناء خوان حضرات جناب اختر بزمی صاحب، جناب صاحبزادہ راحت محمودقادری صاحب، جناب محمدرضوان عطاری صاحب، محمد راشدپی اے آر سی اور دیگر نے نعتیہ کلام پیش کیا اور محفل کی رونق کو دوبالا کیا۔ ممتاز سیرت نگار صاحبزادہ نجم المصطفی صاحب نے اپنے خصوصی خطاب میں محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اور سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر تفصیلی روشنی ڈالی اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں سامعین محفل کو آگاہ کیا
۔انہوں نے اپنے خطاب میں بیان کیا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا اصل کارنامہ یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت نے پورے کے پورے انسان کو اندر سے بدل دیا ۔12ربیع الاول وہ مقدس دن ہے جس کے بارے میں رب نے قسم کھا کر اس کی عظمت کا اظہار فرمایا ، عربی میں ربیع الاول کے معنی پہلی بہار ہے، کوئی شک نہیں اس دن اس ذات قدسی صفات کا ظہور ہوا جس سے زیادہ حسین کا تصور نہیں کیا جا سکتا اور جس کی حیات پاک سے زیادہ پاکیزہ مقدس اور پر بہار زندگی کا سوچا نہیں جا سکتا۔
جس سے ہم تک خدا کے احکام اور فرامین پہنچے۔ کوئی اطاعت خدا ، رسول کی سند کے بغیر معتبر نہیں۔رسول کی پیروی سے منہ موڑنا خدا کے خلاف بغاوت ہے، اسی لئے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا” جس نے میری اطاعت کی ،
اس نے خدا کی اطاعت کی اور جس نے میری نافرمانی کی اس نے خدا کی نافرمانی کی”۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم بہترین اخلاق کا نمونہ ہیں۔تقریب کے اختتام پر قاضی شفیق صاحب نے جملہ ملازمین اور پی اے آرسی کی ترویج و ترقی کے لئے دعا کی اور شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا