29

مدر اینڈ چلڈرن کمپلیکس شیخوپورہ میں مبینہ بدانتظامیوں کا نوٹس لیا جائے

مدر اینڈ چلڈرن کمپلیکس شیخوپورہ میں مبینہ بدانتظامیوں کا نوٹس لیا جائے

شیخوپورہ(بیوروچیف/شیخ محمد طیب سے)

مدر اینڈ چلڈرن کمپلیکس شیخوپورہ میں بے ضابطگیوں کا سلسلہ نہ رک سکا جس سے دور و نزدیک سے آئے مریض شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق شیخوپورہ کے علاقہ نبی پورہ کے قریب واقع اس گورنمنٹ مدر اینڈ چلڈرن کمپلیکس میں سہولیات کا فقدان ہے اور وارڈز میں موجود عملہ انتہائی سست روی سے کام کرتا ہے جن کا لواحقین کیساتھ اکثر رویہ بھی ناشائستہ ہوتا ہے اور یہاں تک کہ مریضوں کو خون مہیا کرنے کے لئے بلڈ بینک میں خون کی دستیابی کے اقدامات کی جانب بھی خاطر خواہ توجہ نہیں دی

جاتی اور اگر خدمت انسانیت کے جذبہ کے تحت خون کا عطیہ دینے کے لئے کوئی بلڈ ڈونر آجائے تو اسکو خراج تحسین پیش کرنے اور فوری ٹیسٹ کرتے ہوئے بلڈ لینے کی بجائے گھنٹوں انتظار کروایا جاتا ہے، بلڈ کٹ اور بلڈ بیگ بھی باہر کے سٹورز میں لینے کے لئے بھیجا جاتا ہے جس سے نہ صرف غریب و مفلس لوگ اپنے مریضوں کے علاج معالجہ کے حوالے سے پریشان ہوتے ہیں بلکہ مہنگے داموں باہر کے میڈیکل سٹورز کی ادویات اور بوقت ضرورت بلڈ بیگ و بلڈ کٹ وغیرہ بھی مجبوری کے عالم میں ادھار لیکر خریدنے پر مجبور ہیں جس پر بارہا توجہ دلانے کے باوجود عملدرآمد ممکن نہیں ہوسکا

اور مختلف وزراء، بیوروکریٹس اور دیگر متعلقہ افسران بالا کے بارہا دوروں کے باوجود اور ہرقسم کی طبی سہولت کی فراہمی کی یقین دہانیوں کے باوجود مذکورہ مسائل جوں کے توں ہیں جس پر فوری ایکشن لینے کی ضرورت ہے- یہاں ایوننگ ڈیوٹی پر موجود ڈی ایم ایس ڈاکٹر امجد نے میڈیا کی جانب سے توجہ دلانے پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس جو ادویات اور دیگر سہولیات دستیاب ہوتی ہیں فوری فراہم کردی جاتی ہیں

اور جو ادویات اور لیبارٹری ٹیسٹوں میں استعمال ہونے والا سامان، بلڈ بیگز اور ٹیسٹ کٹس وغیرہ جوکہ ہمارے پاس دستیاب نہیں ہے باہر سے ہی لانا پڑے گا کیونکہ یہ مارننگ شفٹ سٹاف اور حکام بالا کا کام ہے ہمیں جو دستیاب ہوتا ہے

ہم وہی دے سکتے ہیں، جو اشیاء دستیاب نہیں ہیں اس حوالے سے ہم کچھ نہیں کرسکتے- یہاں پر داخل مریضوں کے لواحقین نے میڈیا کے توسط سے حکام بالا سے فوری نوٹس لیتے ہوئے مریضوں اور انکے لواحقین کو مکمل ریلیف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں