48

ڈی آئی خان میں کھیلوں کی مثبت سرگرمیاں

ڈی آئی خان میں کھیلوں کی مثبت سرگرمیاں

تحریر، نثاربیٹنی،،

کسی بھی معاشرے، ملک اور شہر میں کھیلوں کی سرگرمیاں پرامن اور خوشحال ماحول کی عکاس ہوتی ہیں ، کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں میں مثبت رجحان پروان چڑھاتی ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان شہر دیگر کئی خصوصیات کیساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے، ماضی میں ڈی آئی خان ہاکی، فٹ بال، کرکٹ، کبڈی، کشتی، نیزابازی اور والی بال کے روائتی و غیر روائتی مقابلوں کا مسکن رہا ہے،

اگرچہ ماضی کے دھندلکوں میں کئی روائتی کھیل غائب ہوچکے ہیں لیکن اب بھی کرکٹ اور والی بال کے میچ تواتر سے ہوتے ہیں گوکہ پچھلے چند سالوں سے کرکٹ کے سامنے دیگر کھیلوں کے چراغ گل ہوگیے ہیں لیکن دیہی علاقوں میں آج بھی والی بال، کبڈی اور فٹ بال کے مقابلے ہوتے رہتے ہیں اور انکو پسند کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں نہیں تو ہزاروں میں ضرور ہے، حکومتی و نجی سطح پر ضلع ڈی آئی خان میں کرکٹ کے مقابلوں کا انعقاد ہوتا رہتا ہے اور سارا سال ڈی آئی خان کے نوجوان ناصرف ضلعی سطح پر بلکہ صوبائی اور قومی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں،

گذشتہ دنوں کھیلوں کی اسی طرح کی سرگرمی قریشی موڑ کے قریب سڈنی کرکٹ گراونڈ(مقامی طور پر دیا گیا نام) پر دیکھنے میں آئی جہاں بڑے پیمانے پر کرکٹ کے شیدائیوں کے لیے خوبصورت اور دلچسپ مقابلوں کا میلہ سجایا گیا، جنونی جذبے اور لگن سے بھرپور مقامی نوجواناور ٹین سپورٹس(بلوچ مائینر) کے مالک انعام اللہ بیٹنی اس خوبصورت اور وسیع پیمانے پر منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے روح رواں تھے،

اس نوجوان نے اپنے چند کرکٹ کے شیدائی ساتھیوں کیساتھ مل کر اپنی مدد آپ کے تحت منظم اور دلچسپ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بیڑا اٹھایا اور تاریخ رقم کردی، انعام اللہ اور اسکے ساتھیوں نے اس ٹورنامنٹ کو انتہائی خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جبکہ حاجی رمضان استرانہ اور دیگر کئی مخیر حضرات نے ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کیساتھ تعاون کیا، تقریبا 1 ماہ تک انعقاد پذیر اس کرکٹ ٹورنامنٹ نے ضلع بھر کے نوجوانوں کو بالعموم اور قریبی علاقوں کے نوجوانوں کو بالخصوص اپنے سحر میں جکڑے رکھا، ٹورنامنٹ میں ڈی آئی خان، ٹانک، وانا، جنڈولہ سے متعدد ٹیموں نے حصہ لیا

اور خوبصورت کھیل سے دیکھنے والوں کو محضوظ کیا، گذشتہ روز اس خوبصورت اور رنگا رنگ ٹورنامنٹ کا پرامن اور مسحورکن اختتام ہوا، اختتامی میچ یعنی فائنل میں دو ٹیمیں وزیرستان زلمی اور ارشدالیون کا ٹاکرہ ہوا جس میں فتح نے وزیرستان زلمی کے قدم چومے، اس دلچسپ اور سنسنی خیز فائنل کے مہمان خصوصی ریجنل سپورٹس آفیسر انور کمال برکی تھے جبکہ اس موقع پر انعام اللہ بیٹنی سمیت دیگر مہمان بھی موجود تھے،

مہمان خصوصی نے فاتح ٹیم کو ریجنل سپورٹس آفس کی طرف سے 30 ہزار روپے اور آرگنائزنگ کمیٹی کی طرف سے 40 ہزار روپے کا پہلا انعام دیا جبکہ رنراپ ٹیم کو آرگنائزنگ کمیٹی نے 30 ہزار روپے انعام دیا جو مہمان خصوصی ریجنل سپورٹس آفیسر انور کمال برکی نے تقسیم کیے، اس موقع پر ریجنل سپورٹس آفیسر انورکمال برکی نے فائنلیسٹ ٹیموں کے خوبصورت کھیل کی تعریف کی اور فاتح ٹیم کو مبارکباد دی جبکہ ٹورنامنٹ آرگنائزر انعام اللہ بیٹنی اور انکی ٹیم کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا،

نجی سطح پر بڑا اور کامیاب ٹورنامنٹ منعقد کرانے پر شہر کے سپورٹس حلقوں نے انعام اللہ بیٹنی کو مبارکباد دی اور انکے جذبے کو سراہا، چند ماہ بیشتر بیساکھی گراونڈ پر منعقدہ فلڈ لائیٹس فٹ بال ٹورنامنٹ کے بعد حالیہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ہے امید ہے چھوٹے چھوٹے ٹورنامنٹس کیساتھ ساتھ اب شہر میں باقاعدہ طور پر کھیلوں کے بڑے مقابلے منعقد کیے جائیں گے

اس سلسلے میں شہر کے کاروباری طبقے کو آگے آنا چائیے اور اپنی مدد آپ کے تحت مختلف کھیلوں کی سرپرستی کرنی چائیے، کاروباری طبقے کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کو یقینی بناکر صحتمند معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا چائیے کیونکہ کھیلوں سے مثبت اور صحتمند معاشرے پروان چڑھتے ہیں اور یہی صحت مند معاشرے ملکوں کی تہذیب و تمدن اور ترقی کو فروغ دینے میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں