چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار کی ترقی و بہتری کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھانا ناگزیر ہے،صدر ظاہر شاہ خان
مردان(شاہ باباحبیب عارف سے)مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظاہر شاہ خان نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار کی ترقی و بہتری کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھانا ناگزیر ہے۔ ٹیکس گزار سمیت تاجر ملکی معیشت میں کلیدی کرداراداکر رہے ہیں۔ حکومت انہیں سہولیات اور مراعات فراہم کرے۔ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی نے نامساعد حالات کے باوجود کاروبار کو جاری رکھا جو کہ کسی جہاد سے کم نہیں ہے حکومت ان کی داد رسی کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیر گڑھ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
مردان چیمبر تاجروں کا نمائندہ فورم ہے جس نے تاجروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل اور خصوصی ریلیف دلوانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی تاجروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ مردان چیمبرآف کامرس صدر ظاہر شاہ نے کہ اکہ ٹیکس گزار ملک کو معیشت کو سہارا دینے اور ترقی کی طرف لے جانے کے لئے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت چیمبرز ٗ کاروباری طبقہ کو اعتماد میں لے کر پالیسیاں تشکیل دے تاکہ ملک میں معاشی استحکام و خوشحالی آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری طبقہ خوشحال ہوگا تو ملک کی معیشت ترقی اور بہتری کی طرف گامزن ہوگی۔