میری آواز بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں: عمران خان
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری آواز بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں، موت بہت قریب سے دیکھی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑا ہونا جہاد ہے، مدینہ کی ریاست میں عدل و انصاف آیا پھر خوشحالی آئی، نیلسن منڈیلا نے پتے کی بات کی غربت کم کرنی ہے تو پہلے انصاف لے کر آؤ۔
ان کا کہنا تھاکہ میری آواز بھی بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، فواد چوہدری کو کیوں گرفتار کیا گیا؟ اس نے کونسا جرم کیا؟ کسی جمہوریت میں یہ جرم ہوتا ہے کہ اس نے چیف الیکشن کمشنر کو منشی کہہ دیا، اعظم سواتی کا کیا قصور ہے کہ اس نے کہہ دیا کہ سابق آرمی چیف نے این آر او ٹو دیا، شہباز گل، ارشد شریف کے ساتھ کیا گیا، بچہ بچہ جانتا ہے ارشد شریف جیسا خوددار، دیانت دار محب وطن شاید ہی کوئی صحافی آیا ہو، مجھ پر قاتلانہ حملہ کیوں کیا گیا میں نے کیا جرم کیا تھا؟ قوم کو کہہ رہا ہوں آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، آپ اللہ کے بعد اس ملک کے وارث ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں یقین دلاتا ہوں مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں ہے، موت بہت قریب سے دیکھی ہے، جب اللہ کا فیصلہ ہوگا، ٹائم نہ آگے ہوگا نہ پیچھے، مجھے اس کی کوئی فکر نہیں، مجھے جیل لیکر جانے لگے ہیں اس کی کوئی فکر نہیں، آپ کو بھی جیل سے ڈرنا نہیں چاہیے، کتنوں کو جیل میں ڈالیں گے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن اوران کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو آج علی الصبح لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔