حضور نبی کریم ﷺکا ارشادِ پاک ہے کہ تمام مسلمان جسمِ واحد کی مانند ہیں،پیر محمدنقیب الرحمن
راولپنڈی ( بیورو رپورٹ) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺکا ارشادِ پاک ہے کہ تمام مسلمان جسمِ واحد کی مانند ہیں اور جسم کے کسی حصے کو بھی درد ہو تو سارا جسم اس درد کو محسوس کرتا ہے
۔ نہتے کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کرنے، ان کی آزادی اور ان پر ہونے والے جبر و استبداد کو روکنے کے لئے مسلم و دیگر ممالک اپنا کردار ادا کریں۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور نہتے کشمیریوں پر کئی سال سے جاری بھارتی بر بریت ، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی جن میں خوراک و ادویات کی ترسیل روکنا، کشمیری راہنماؤں کی نظر بندی بالخصوص خواتین، بچوں اور عمر رسیدہ شہریوں پر تشدد کی سرگرمیوں کی پوری دنیا نے مذمت کی ہے۔ آج وطنِ عزیز پاکستان میں اپنے نہتے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے کے لئے یومِ کشمیر منایا گیا تا کہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی نا صرف مذمت کی جائے بلکہ ان کو رکوانے کے لئے اقوامِ عالم اپنا کردار ادا کریں
اور جب حضور نبی کریم ﷺ نے حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کو فرمایا کہ کیا آپؓ کو ایسا اعلیٰ عمل نہ بتاؤں جو تمام وظائف پر وزنی ہو تو حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم نے عرض کی کہ ضرور عطا فرمائیے تو جب حضور نبی رحمت ﷺ سے آپ ؓ کووہ وظیفہ عطا ہو گیا تو آپ ؓ اس وظیفہ سے پہلے اور اس کے بعد درود و سلام پڑھا کرتے کہ یہ وزنی ترین وظیفہ مجھے حضور نبی رحمت ﷺ کی وجہ سے عطاہوا ہے
قیامت تک امت کو یہ روشنی ملی کہ حضور نبی رحمت ﷺ کی غلامی و اتباع کے ذریعے ہی امتِ مسلمہ ربِ رحمان کی رضا کو پا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عیدگاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث پاک سے خطاب کے دوران کیا ۔ محفل کا اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی ، کشمیرو فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کی