نوازشریف چاہتے ہیں میں نااہل ہوں، لگتا ہے اب بھی باجوہ کی پالیسی چل رہی ہے: عمران
نوازشریف چاہتے ہیں میں نااہل ہوں، لگتا ہے اب بھی باجوہ کی پالیسی چل رہی ہے: عمران
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف چاہتےہیں کہ عمران خان نااہل ہوں اور یوں لگ رہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوگی۔
عمران خان نے غیرملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے زمان پارک لاہور میں ملاقات کی اور گفتگو میں کہا کہ پہلی مرتبہ عوام نے رجیم چینج کو قبول نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسےلوگوں کوپنجاب میں لایاجارہاہے جو 25 مئی کے واقعات میں ملوث تھے، یوں لگ رہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوگی۔
ان کا کہنا تھاکہ کیا کوئی وجہ بتائےگا کہ کیوں ڈالراور پیٹرول سو سو روپے مہنگا ہورہاہے؟
عمران خان کا کہنا تھاکہ ایسی انتقامی کارروائیاں پہلے کبھی نہیں دیکھیں، یوں لگتا ہے ابھی بھی جنرل باجوہ کی پالیسی چل رہی ہے، جب قانون کی عمل داری ہوگی تو ملک آگے جائے گا، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے لابنگ کرکے حسین حقانی اور دوسرے لوگوں کو رکھوایا، یہ لوگ امریکا میں میرے خلاف لابنگ کرتے تھے، مانتا ہوں کہ باجوہ کوایکسٹینشن دینا بہت بڑی غلطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کو شک کا فائدہ دینا چاہتا ہوں ، ہمارے دور میں جنرل (ر) باجوہ کی عزت تھی اب وہ سڑک پر نہیں نکل سکتے، آرمی چیف کی طرف سے کوئی پیغام آئے گا تو بتاؤں گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکومت توشہ خانہ میں پھنس گئی ہے، عدالت نے توشہ خانہ کی تفصیل مانگی جو نہیں ملی، نوازشریف چاہتے ہیں کہ عمران خان نااہل ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ جیل بھرو تحریک پرامن احتجاج ہے، ہمارے پاس دوسرا راستہ احتجاج ہے، دو ہفتوں میں صحت یاب ہوجاؤں گا، جیل بھرو تحریک پورے ملک سے شروع کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے متحمل نہیں ہوسکتے، افغان طالبان پاکستان مخالف نہیں۔