کے پی او حملہ: ایک اور زخمی پولیس اہلکار دم توڑگیا، شہدا کی تعداد 5 ہوگئی
کے پی او حملہ: ایک اور زخمی پولیس اہلکار دم توڑگیا، شہدا کی تعداد 5 ہوگئی
کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور پولیس اہلکار دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق جمعےکی شام کراچی پولیس آفس میں ہونے والے حملے میں اہلکار عبدالطیف بھی زخمی ہوا تھا جو کہ اسپتال میں زیر علاج تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار عبدالطیف سکیورٹی ڈویژن میں تعینات تھا۔
کراچی پولیس آفس پر حملے میں شہادتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب کراچی پولیس آفس پر حملےکا مقدمہ کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمہ صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، مقدمہ تینوں حملہ آوروں، فرار ملزمان اور سہولت کاروں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔