118

پشاور: مشتعل پی ٹی آئی کارکنان کا ریڈیو پاکستان پر دھاوا، اے پی پی کا دفتر نذر آتش

پشاور: مشتعل پی ٹی آئی کارکنان کا ریڈیو پاکستان پر دھاوا، اے پی پی کا دفتر نذر آتش

پشاور: مشتعل پی ٹی آئی کارکنان کا ریڈیو پاکستان پر دھاوا، اے پی پی کا دفتر نذر آتش

سینکڑوں شرپسندوں نے اچانک دھاوا بولا، ریڈیو پاکستان پشاور کے اندر داخل ہوئے، تباہی مچائی، توڑ پھوڑ کی، اسٹاف پر تشدد کیا اور آگ لگادی: ڈی جی ریڈیو پاکستان پشاور— فوٹو: ریڈیو پاکستان
سینکڑوں شرپسندوں نے اچانک دھاوا بولا، ریڈیو پاکستان پشاور کے اندر داخل ہوئے، تباہی مچائی، توڑ پھوڑ کی، اسٹاف پر تشدد کیا اور آگ لگادی: ڈی جی ریڈیو پاکستان پشاور— فوٹو: ریڈیو پاکستان

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے پُرتشدد مظاہرے جاری ہیں، پشاور میں مشتعل مظاہرین نے ریڈیو پاکستان کی عمارت میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے دفتر میں آگ لگائی۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ دفتر میں صحافیوں سمیت عملے کے چھ افراد موجود تھے، دو خواتین بھی دفتر میں موجود تھیں۔

عینی شاہد کے مطابق تمام افراد بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوگئے تاہم ایک شخص اب بھی پھنسا ہوا ہے۔

عینی شاہد کا کہنا تھا کہ مظاہرین ریڈیو پاکستان کی عمارت میں بدستور موجود ہیں، مظاہرین نے گاڑیوں کو بھی آگ لگائی۔

ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن کا کہنا ہے کہ سینکڑوں شرپسندوں نے اچانک دھاوا بولا، ریڈیو پاکستان پشاور کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ مشتعل افراد نے نیوز روم اور مختلف سیکشنز میں تباہی مچائی، توڑ پھوڑ کی، اسٹاف پر تشدد کیا اور آگ لگادی۔

طاہر حسن کا کہنا تھا کہ مختلف سیکشنز میں آگ لگنے سے ریکارڈ اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

واضح رہے کہ پشاور میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں اور فائرنگ سے چار افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے چاروں افراد کو گولیاں لگی ہیں۔

اس سے پہلے تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں نے ایدھی ایمبولینس کو روکا، مریضوں کو اُتارا اور ایمبولینس کو آگ لگا دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں