فضل الرحمان نے انتخابات کی مشروط حمایت کر دی
فضل الرحمان نے انتخابات کی مشروط حمایت کر دی
گوجرانوالہ: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سیاست تضادات کا مجموعہ ہے۔
گوجرانوالہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا 9 مئی کے واقعے کی مدعی ریاست ہے، اگر شرپسندوں کے خلاف کارروائیاں نہیں ہوں گی تو یہ مناسب نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کا ایجنڈا ملک کو تباہ کرنا ہے، اس شخص نے پہلے امریکا پر الزامات لگائے اب اس کی منتیں اور ترلےکر رہا ہے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا ہم اداروں کا احترام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، ہم کبھی اداروں کے خلاف نہیں رہے، ہم اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں گوادر کو بڑی اہمیت حاصل ہے، چین اور دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں لیکن سرمایہ کاری کے لیے چین اور دوست ممالک کو اعتماد چاہیے۔
الیکشن سے متعلق سوال پر فضل الرحمان نے انتخابات کی مشروط حمایت کرتے ہوئے اسے معیشت سے جوڑ دیا اور بولے ہم الیکشن والے لوگ ہیں، اتنے ملین مارچ الیکشن کے لیے ہی کیے لیکن دیکھنا ہوگا کہ ملکی صورتحال کو نئے ہنگاموں یا نئی پریکٹس کی بھینٹ چڑھا دیں یا معیشت بہتر کریں۔
سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا اختلافِ رائے کے باوجود اتفاق رائے پر پہنچیں گے، الیکشن سے متعلق پی ڈی ایم کا فیصلہ متفقہ ہوگا، نئی صورتحال کا سامنا ہے جسے ماضی پر قیاس نہیں کیا جا سکتا۔