45

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کیٹی بندر کے ساحلی علاقوں کا ہنگامی دورہ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کیٹی بندر کے ساحلی علاقوں کا ہنگامی دورہ

ٹھٹھہ امین فاروقی
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کیٹی بندر کے ساحلی علاقوں کا ہنگامی دورہ- حکومت سندھ کسی کو بھی تنہا اور بے یارو مددگار ہر گز نہیں چھوڑ ے گی۔ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر پہنچ کر سمندری طوفان بائپر جوائے کے خطرے کے پیش نظرضلع انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا اور ساحلی پٹی پر مقیم آبادیوں، سمندری پانی کے بہاو ¿ اور حفاظتی پشتوں کی صورتحال کا معائنہ کیا جبکہ کمانڈر پاک نیوی، ضلع انتظامیہ، آبپاشی و دیگر متعلقہ افسران نے اس ضمن میںانتظامات و دیگر تمام صورتحال کے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلع انتظامیہ و دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ساحلی پٹی اور گرد و نواح کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں رہائش، اشیاءخورد و نوش و دیگر تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس صورتحال میں کسی کو بھی تنہا اور بے یارو مددگار ہر گز نہیں چھوڑا جائے گا

۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس طرح کام نہیں چلے گا کہ لوگوں نے گھروں سے نکلنے سے انکار کر دیا اور ہم انہیں ایسے ہی چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دو دن تک سمندری طوفان کا خطرہ موجود ہے ہمارا فرض ہے کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں ہر قسم کی سہولت مہیا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں لوگوں سے التجا نہیں بلکہ مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ہر صورت محفوظ مقامات پر منتقل ہوں

تاکہ قیمتی زندگیوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، صوبائی مشیر برائے ریلیف و بحالی حاجی رسول بخش چانڈیو، ایم پی اے حاجی علی حسن زرداری، معاونین خصوصی صادق علی میمن اور سید ریاض حسین شاہ شیرازی، چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سلمان شاہ، کمانڈر پاک نیوی جواد، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غلام فاروق سومرو، ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو کے علاوہ محکمہ آبپاشی، ڈرینج، پبلک ہیلتھ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں