یونان کشتی حادثے پر قائد ن لیگ نواز شریف کا ردعمل سامنے آگیا
یونان کشتی حادثے پر قائد ن لیگ نواز شریف کا ردعمل سامنے آگیا
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ یونان میں کشتی حادثہ بہت بڑا انسانی المیہ ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ میتوں کو جلد از جلد پاکستان لانے کے فوری انتظامات کیے جائیں، اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت فرمائے اور اُن کے پیاروں کو صبر جمیل دے۔
لاپتہ پاکستانی شہریوں کی تعداد 83 ہوگئی
یاد رہے کہ یونان کشتی حادثے میں لاپتہ پاکستانی شہریوں کی تعداد 83 ہوگئی ہے، لاپتہ افراد میں گجرات اور گوجرانوالہ کے لوگوں کی تعداد سب سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔
ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کے ایک ہی گھر کے4نوجوانوں سمیت 21افراد بھی اب تک لاپتہ ہیں۔
مزید 2 انسانی اسمگلرز گرفتار
لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے والے مزید دو انسانی اسمگلرز گرفتار کرلیے گئے ہیں، گرفتار ملزمان عظمت علی اور احسن شیراز کا تعلق سیالکوٹ سے ہے، مجموعی گرفتار افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
اس سے پہلے ساجد وڑائچ ، شبیر اور وقاص نامی ملزمان بھی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔
ترجمان فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق ملزم وقاص نے ایک شخص کو یورپ بھجوانے کے لیے 23 لاکھ روپے بٹورے ، ایف آئی اے نے حادثے میں بچ جانے والوں کے بیانات کی روشنی میں تین مقدمات گوجرانوالہ اور تین گجرات میں درج کیے جہاں مجموعی طورپر 17 ملزمان کو نامزد کیا گيا ہے۔