انجو کے بعد ایک اور کم عمر لڑکی کی محبت کی خاطر پاکستان آنیکی کوشش، پولیس نے پکڑ لیا
انجو کے بعد ایک اور کم عمر لڑکی کی محبت کی خاطر پاکستان آنیکی کوشش، پولیس نے پکڑ لیا
گزشتہ دنوں کئی واقعات پاکستانی اور بھارتی میڈیا پر زیرِ گردش رہے جن میں سے دو کا کافی چرچہ ہوا، ایک سیما حیدر جو اپنی محبت کی خاطر پاکستان سے بھارت گئیں اور دوسری انجو (فاطمہ) جو بھارت سے پاکستان آئی اور اسلام قبول کرکے نام تبدیل کیا اور نکاح کرلیا۔
اب بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا ہے کہ راجستھان کے شہر جے پور کی پولیس نے جے پور ائیرپورٹ سے ایک کم سن لڑکی کو حراست میں لیا ہے جو پاکستان جانے کی غرض سے ائیرپورٹ آئی تھی اور اس نے پولیس کو جھوٹی کہانی سناکر گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق لڑکی جو مبینہ طور پر نابالغ ہے، بغیر دستاویزات کے اپنے ایک انسٹاگرام کے دوست سے ملنے پاکستان جارہی تھی اور ائیرپورٹ حکام کو قائل کرنے کے لیے اس نے جھوٹی کہانی تیار کررکھی تھی۔
تاہم ائیرپورٹ حکام کو شبہ ہوا تو انہوں نے تفتیش کی اور بعدازاں لڑکی کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
ہوائی اڈے کے اسٹیشن آفیسر دگپال سنگھ نے بھارتی ایجنسی کو بتایا کہ لڑکی کے پاس بین الاقوامی سفر کے لیے درکار دستاویزات نہیں تھے اور جے پور سے پاکستان جانے کے لیے بھی کوئی فلائٹ نہیں تھی۔
لڑکی نے پاکستان کی رہائشی ہونے کی ایک جھوٹی کہانی سنائی جو اپنی خالہ کے پاس رہنے کے لیے بھارت آئی تھی، اس نے ائیرپورٹ حکام کو یہ بھی بتایا کہ چونکہ اب اس کی خالہ کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں ہیں اس لیے وہ پاکستان جانا چاہتی ہے۔
لڑکی کی دلیرانہ کہانی سے دنگ رہ کر ائیرپورٹ حکام نے اس سے اچھی طرح پوچھ گچھ کی جس پر اس نے اعتراف جرم کرلیا۔
تفتیش کے دوران اہلکار نے بتایا کہ لڑکی نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ایک دوست سے ملنے پاکستان جارہی تھی جس نے اسے ائیرپورٹ پر سکیورٹی سے نمٹنے کے لیے رہنمائی بھی کی۔
بعد ازاں لڑکی کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا اور اس نے قبول کیا کہ وہ اپنے انسٹاگرام دوست سے ملنے پاکستان جانے کے لیے ائیرپورٹ پہنچی تھی۔