گلگت بلتستان میں مکمل امن ہے، فوج تعیناتی کی خبریں بےبنیاد ہیں: وزیر اطلاعات
گلگت بلتستان میں مکمل امن ہے، فوج تعیناتی کی خبریں بےبنیاد ہیں: وزیر اطلاعات
نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مکمل امن و استحکام ہے، بدامنی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بازار اور سڑکیں کھلی ہیں جو حالات معمول پر ہونے کا اظہار ہیں، محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے واضح کیا ہےکہ گلگت بلتستان میں مکمل امن و استحکام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات مذہبی اور فرقہ وارانہ خدشات کے ردعمل میں پرامن احتجاج ہوتا ہے، احتجاج مقامی مسائل پر ایک فطری سیاسی جمہوری ردعمل ہے لیکن احتجاج کے دوران کوئی گولی نہیں چلی، نہ سرکاری و نجی املاک کو کوئی نقصان پہنچا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق میڈیا میں زیر گردش خبریں اور قیاس آرائیاں بےبنیاد ہیں، پاک آرمی اور سول آرمڈ فورسز کی خدمات صرف چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر طلب کی گئی ہیں، جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے ماضی کی طرح خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جی بی میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔