کراچی: مفت راشن کے اعلان پر سیکڑوں خواتین جمع، گاڑی کے نہ آنے پر احتجاجاً سڑک بند کردی
کراچی: مفت راشن کے اعلان پر سیکڑوں خواتین جمع، گاڑی کے نہ آنے پر احتجاجاً سڑک بند کردی
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مفت راشن ملنے کے اعلان پر سیکڑوں خواتین پہنچ گئیں۔
خواتین کے جمع ہونے کی وجہ سے لیاقت آباد ڈاکخانہ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور خواتین صبح سے راشن دینے کا اعلان کرنے والی نجی تنظیم کی گاڑی کی منتظر رہیں۔
خواتین نے راشن کارڈ نہ ملنے پر احتجاج کیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین کے مطابق انہیں خود پتا چلا کہ یہاں راش کارڈ بٹ رہے ہیں، اطلاع ملنے پر خواتین خود ہی صبح سے سڑک پر آکر بیٹھ گئیں تاہم پولیس کو اس حوالے سے کوئی معلومات نہیں فراہم کی گئیں۔
پولیس کے مطابق خواتین سے مذاکرات سے بعد انہیں واپس بھیج دیا ہے، سڑک کھول دی گئی ہے۔
دوسری جانب ترجمان گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ آج لیاقت آباد میں طاقتورپاکستان کے راشن بیگز کی تقسیم کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا، نہ ہی راشن بیگزکےکارڈز تقسیم کیے گئے تھے۔
انہوں نے بتایاکہ گزشتہ روز الکرم اسکوائر پرکیمپ لگا تھا، رجسٹرڈ افراد میں راشن تقسیم کیاگیاتھا لہٰذا عوام سے درخواست ہےکہ افواہوں پرکان نہ دھریں، راشن کے حصول کے لیے صرف متعلقہ کیمپ یاگورنر ہاؤس میں رجسٹریشن کرائیں۔