41

تحریک آزادی کشمیر کو میڈیا کے محاذ پر اجاگر کرنا ناگزیر ہے: محمود احمد ساغر

تحریک آزادی کشمیر کو میڈیا کے محاذ پر اجاگر کرنا ناگزیر ہے: محمود احمد ساغر

تحریک آزادی کشمیر کو میڈیا کے محاذ پر اجاگر کرنا ناگزیر ہے: محمود احمد ساغر

اسلام آباد( بیوروچیف اسلام آباد )کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینئر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ موجودہ دور ذرائع ابلاغ کی اہمیت کو ہر گزرتے دن کے ساتھ واضح کررہا ہے ایسے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنا وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔

محمود احمد ساغر نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں اوکجا فورم کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اس وقت ایک اہم ہتھیار ہے جس سے استعمال میں لاکر بھارتی سامراجی حربوں کو بے نقاب کرکے دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی آصل صورتحال سے باخبر کیا جائے کیونکہ بھارت نے پورے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کرکے کشمیری عوام پر فوجی محاصرہ مسلط کررکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہی خطہ سرزمین سے تعلق کی بناء پر ہم تحریک کے تقاضوں کو بخوبی سمجھتے ہیں جس سے ڈائریکشن دینے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما غلام محمد صفی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے کہا ہے کہ 05 اگست 2019 کے بعد مودی کی بربریت اپنی انتہاوں کو چھو رہی ہے نہ صرف کل جماعتی حریت کانفرنس کی پوری قیادت ‘ کارکن اور عام کشمیری نوجوان بھارتی جیلوں و عقوبت خانوں کی زینت بنائے گئے بلکہ کشمیری خواتین کو بھی نہیں بخشا گیا وہ بھی جیلوں میں مقید کی گئیں ۔

اس صورتحال میں میڈیا کے ساتھ وابستہ افراد پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ سنگین صورتحا کی جانب مبذول کرائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم مختلف محاذوں پر کام کرتے ہیں لیکن ہم سب کا گول ایک ہی ہے بھارتی سامراج سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی مکمل آزادی جس کیلئے لاکھوں کشمیری آج تک اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں جبکہ آج بھی قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل اوکجا کے وفد نے بھی اپنے خیالات و احساسات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں حریت قائدین کو اپنی توانائیاں تحریک آزادی کیلئے وقف اور ان میں مزید سرعت لانے کا یقین دلایا ہے جس سے دونوں مذکورہ قائدین نے سراہا ہے۔اوکجا کے وفد میں نعیم الاسد ‘ حبیب اللہ شیخ ‘ عبدالطیف ڈار ‘ مقصود منتظر ‘ شوکت علی ‘ ظہور احمد اور چوہدری محمد رفیق شامل تھے جبکہ حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔آخر پر تحریک آزادی کشمیر میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت اور ان کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں