38

خواتین کو ہنر مند بنا کر ہم معاشی مسائل سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں، راشدہ یعقوب

خواتین کو ہنر مند بنا کر ہم معاشی مسائل سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں، راشدہ یعقوب

اسلام گڑھ(نامہ نگار)گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر اسلام گڑھ کی صدر معلمہ راشدہ یعقوب نے کہا ہے کہ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر اسلام گڑھ میں دور حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق بین الاقوامی معیار کے کورسز کروائے جا رہے ہیں، ان کورسز کی تکمیل کے بعد طالبات نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملازمت حاصل کرسکتی ہیں، خواتین کو ہنر مند بنا کر ہم معاشی مسائل سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر اسلام گڑھ کی انسٹیٹیوٹ مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمیٹی کے سربراہ سابق ایڈمنسٹریٹر اسلام گڑھ لالہ تصدق علی رفیقی، ممبر کمیٹی صدر چنار پریس کلب اسلام گڑھ چوھدری امجد علی اور رکن کمیٹی عرفان صادق بھی موجود تھے۔ صدر معلمہ محترمہ راشدہ یعقوب نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر اسلام گڑھ ایک قدیم ادارہ ہے جو ہر سال آزادکشمیر بھر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔

ادارہ کی طالبات سالانہ امتحان میں اعلی نمبرا ت کے ساتھ نمایاں پوزیشنز حاصل کرتے ہیں۔ اس وقت ادارہ میں بین الاقوامی فنی معیار CBTکے تحت پیٹرن ڈرافٹنگ اینڈ گریڈنگ لیول 1، ڈریس میکنگ لیول 2اور فیشن ڈیزائننگ لیول 3کے کورسز کروائے جارہے ہیں اور ان میں سال 2023-24کے لیے داخلے بھی جاری ہیں۔ ان کورسز کومکمل کرکے طالبات کے لیے ملکی و غیر ملکی روزگار کے دروازے کھل جاتے ہیں۔

اس موقع پر مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ لالہ تصدق علی رفیقی نے کہا کہ موجودہ معاشی مسائل کے دور میں بچیوں کو ہنر مند بنانا ازحد ضروری ہے اس کے لیے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر میں جاری کورسز بہت مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔ بچیوں کے پاس ہنر آجانے کے بعد جہاں وہ اپنا روزگار شروع کرسکتی ہیں وہیں پر ان کے لیے ملازمت کے دروازے بھی کھل جاتے ہیں۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم بچیوں کو ان کورسز میں داخل کروا کر ان کے مستقبل کو محفوظ بنوائیں۔ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ ادارہ کی داخلہ مہم کے لیے مختلف علاقوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ اجلاس اگلے اجلاس تک ملتوی کردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں