اسٹیٹ بینک کا شرح سود 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان
اسٹیٹ بینک کا شرح سود 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے آج اپنے اجلاس میں شرح سود کو 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مئی میں مہنگائی 38 فیصد کی رفتار سے بڑھ رہی تھی جبکہ اگست 2023 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 27.4 فیصد ہوئی۔
پالیسی بیان کے مطابق زرمبادلہ اور اجناس کی قیمتوں میں سٹے بازی سے مہنگائی کا منظر نامہ خراب ہوا تھا لیکن انتظامی اقدامات نتائج دے رہے ہیں۔ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف آپریشن سے ڈالر اور انٹربینک اور اوپن مارکیٹ بھاؤ کا فرق کم کرنے میں مدد ملے گی۔
پالیسی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مہنگائی پر توجہ ہے ضرورت کے مطابق فیصلے کریں گے۔ البتہ سود کی موجودہ شرح مہنگائی بڑھنے کی رفتار آئندہ مالی سال کے اختتام تک پانچ سے سات فیصد تک لانے کے لیے موزوں ہے۔ حقیقی شرح سود مستقبل کی مہنگائی توقعات کی مناسبت سے مثبت ہے۔
خیال رہے کہ غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز نے چند ماہ قبل ایک سروے کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر پاکستان میں شرح سود ایک فیصد اضافے سے 23 فیصد تک ہو سکتی ہے۔
بعد ازاں سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا تھا اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ 22 فیصد شرح سود کاروبار کے لیے تباہ کن ہے لیکن یہ ہماری مجبوری ہے۔