مستونگ میں دھماکا، جے یو آئی رہنما حافظ حمد اللہ زخمی
مستونگ میں دھماکا، جے یو آئی رہنما حافظ حمد اللہ زخمی
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکے سے جے یو آئی رہنما حافظ حمد اللہ زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہےکہ دھماکا حافظ حمد اللہ کی گاڑی کے قریب ہوا ہے جس میں وہ زخمی ہوئے، حافظ حمد اللہ کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں سے انہیں کوئٹہ منتقل کیا جائے گا۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا،
ایس پی مستونگ کے مطابق دھماکے میں11 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں حافظ حمد اللہ بھی شامل ہیں۔
ایس پی نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، 11 زخمیوں کو نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال مستونگ لایا گیا جب کہ 2 زخمیوں کو سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان جے یو آئی کی گفتگو
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے بتایا کہ حافظ حمد اللہ دھماکے میں معمولی زخمی ہوئے ہیں ان کے ہمراہ ان کے گن مین بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حافظ حمد اللہ کو معمولی زخم آئے ہیں لہٰذا تشویش کی کوئی بات نہیں۔
علاوہ ازیں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی اور صوبائی وزیر داخلہ زبیر جمالی نے مستونگ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا کہ مستونگ دھماکے میں ملوث دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور بحالی امن کے لیے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
نگران وزیر داخلہ بلوچستان محمد زبیر جمالی نے حافظ حمد اللہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔