افغان طالبان نے اسرائیل کیخلاف مزاحمت کو فلسطینیوں کا حق قرار دے دیا
افغان طالبان نے اسرائیل کیخلاف مزاحمت کو فلسطینیوں کا حق قرار دے دیا
افغان طالبان حکومت نے اسرائیل کے خلاف فلسطینی مزاحمت کو فلسطینیوں کا جائز حق قرار دے دیا۔
افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ آزادی حاصل کرنے کے لیے مزاحمت فلسطینیوں کا جائز حق ہے۔
افغان وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا ہےکہ اسلامی ممالک، او آئی سی اور عالمی برادری بےگناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کا تشدد بند کرائیں۔
خیال رہےکہ ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 5000 راکٹ فائرکیےگئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے حملے جاری ہیں جس میں صیہونی فوجیوں سمیت 200 اسرائیلی ہلاک، سیکڑوں زخمی اور درجنوں یرغمال بنالیے گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق حماس کے ملٹری ونگ نے اسرائیل کے خلاف آپریشن الاقصٰی طوفان کا اعلان کرتے ہوئے آج صبح 5 ہزار راکٹ فائر کیے۔
اسرائیل کے جوابی حملے جاری
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جوابی فضائی حملوں کے نتیجے میں 232 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کے بعد اسرائیل کے غزہ پر جوابی حملے جاری ہیں۔
غزہ حکام کے مطابق اسرائیل کے فضائی حملوں میں 232 فلسطینی شہید ہوئے ہیں جب کہ 1600 سے زائد زخمی ہیں۔
اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے غزہ میں عام فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، گزشتہ کئی سالوں سے محصور غزہ میں دواؤں اور بنیادی ضروری اشیاء کی پہلے ہی قلت ہے اور موجودہ صورت حال میں حالات مزیددگرگوں ہوگئے ہیں۔