پاکستان، آزاد کشمیرمیں 8 اکتوبر کے تباہ کن زلزلے کو 18 سال مکمل
00:21:30
اسلام آباد ( بیوروچیف) پاکستان اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں 8 اکتوبر 2005 ء کو آنے والے تباہ کن زلزلے کو آج 8 اکتوبر کو 18 سال مکمل ہو گئے ۔ 8 اکتوبر 2005 ء کے زلزلے کے نتیجہ میں پاکستان آزاد کشمیر گلگت بلتستان بالخصوص آزاد خطے اور خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں وسیع پیمانے پر تباہی کا سامنا کرنا پڑا ،زلزلے سے70 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ 18برس بیت گئے،پاکستانی قوم اس سلسلے میں آج اپنے پیاروں کی 16ویں برسی آج منارہی ہے،خوفناک زلزلہ آج بھی ذہنوں میں تازہ ہے ، زلزلے نے لمحوں میں بستیاں زمین بوس کردیں تھیں۔
آزاد کشمیر کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں اب بھی بڑی تعداد میں متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور آباد کاری کو یقینی نہیں بنایا جا سکا ہے جبکہ بڑی تعداد میں مسمار ہونے والے سکولوں کی تعمیر نو بھی نہ ہو سکی ۔ بالا کوٹ کے نئے شہر کے حوالے سے بھی منصوبے مکمل نہ ہو سکے ۔متعدد بار متاثرہ خاندانوں نے پشاور ، اسلام آباد ، مظفر آباد میں مظاہرے کئے لیکن ان کی شنوائی نہ ہو سکی ۔ چار حکومتیں گزر گئیں 8 اکتوبر 2005 ء کے تباہ کن زلزلے کے حوالے سے تعمیر نو بحالی اور آباد کاری کے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی نہ بنایا جا سکا ۔ اس حوالے سے این ڈی ایم اے کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے؟ ۔ برسی کے موقع پر زلزلہ میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کو ایسی آفات سے محفوظ رکھنے کی دعا کی۔