غزہ میں اسرائیلی حملے: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت دوگنی ہونےکا خدشہ
غزہ میں اسرائیلی حملے: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت دوگنی ہونےکا خدشہ
ورلڈ بینک نے خبردار کیا ہےکہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں دوگنا اضافہ ہوسکتا ہے۔
ورلڈ بینک نے انتباہ کیا ہےکہ خام تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرسکتی ہے۔
خیال رہےکہ اس وقت عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 87 اعشاریہ 84 ڈالر فی بیرل ہے جب کہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی فی بیرل قیمت 82 اعشاریہ 69 ڈالر فی بیرل ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق تنازع میں شدت آئی تو عالمی سطح پر اجناس اور تیل کی قیمتوں میں یکدم اضافہ ہوسکتا ہے۔
ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ کم اور درمیانی شدت کے علاقائی خلل کی صورت میں بھی تیل کی عالمی قیمت 102سے 121 ڈالر فی بیرل تک جاسکتی ہے، تیل پیدا کرنے والے مرکزی ممالک نے سپلائی کم کردی تو 1970کی دہائی والی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔
ورلڈ بینک کا کہنا ہےکہ یوکرین جنگ اور اب غزہ جنگ سے اجناس کی مارکیٹ کے لیے دوہرا جھٹکا ہوگا۔
خیال رہےکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں حملے جاری ہیں اور اب زمینی آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے، غزہ کے شہدا کی تعداد 8 ہزار 3 سو سے بڑھ گئی ہے جن میں ساڑھے 3 ہزار بچے شامل ہیں۔