اوورسیزپاکستانیوں نے ہر آڑے وقت میں پاکستان کی مدد کی، کیپٹن عاصم ملک
اسلام آباد(بیورورپورٹ) پاکستانی قوم پر اوورسیز پاکستانیوں کے بہت زیادہ احسانات ہیں۔ پاکستان پر جب بھی مشکل وقت آیا، اوورسیز پاکستانیوں نے تن من دھن کی قربانیاں پیش کیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی قوم اپنے اوورسیز پاکستانی بھائیوں کے احسانات کبھی نہیں اتار سکتے، ان خیالات کا اظہار معروف پاکستانی شخصیت اور ترجمان اوورسیز پاکستانیز کیپٹن(ر) عاصم ملک نے اپنے ایک بیان میں کیا
۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر آڑے وقت میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا اور پاکستان کی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ پاکستان میں جب بھی کوئی قدرتی آفت آئی اور جانی و مالی نقصانات ہوئے تو اوورسیز پاکستانیوں نے امدادی سرگرمیوں کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالا۔ زلزلہ ہو، سیلاب ہو، کرونا ہو یا کوئی اور قدرتی آفت، اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ دل کھول کر اپنے بھائیوں کی بحالی کے لیے مدد اور تعاون کیا،
لیکن اتنا سب کچھ کرنے کے باوجود اور اپنے ملک کے ساتھ بے پناہ محبت اور خلوص رکھنے کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ کیپٹن(ر) عاصم ملک کا مزید کہنا تھا کہ روز اول سے آج تک اوورسیز پاکستانی بے پناہ مسائل کا شکار ہیں اور ان مسائل کے حل کی کوئی بھی صورت نظر نہیں آرہی۔ اوورسیز پاکستانیوں کے احسانات اور ان کے ساتھ محبت کا تقاضا ہے کہ حکومت پاکستان مختلف ممالک میں آباد اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر خصوصی توجہ دے، اپنے سفارتخانوں کے ذریعے ان مسائل کے حل کی کوششیں کرے اور اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان امد پر بہترین سہولیات مہیا کرے۔