حج کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع، حجِ بدل پر 5 سالہ پابندی بھی ختم
حج کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع، حجِ بدل پر 5 سالہ پابندی بھی ختم
سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کرانےکی تاریخ میں توسیع کے ساتھ حجِ بدل پر 5 سالہ پابندی بھی ختم کر دی گئی۔
وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کرانےکی آج (12 دسمبر) آخری تاریخ تھی لیکن اب درخواستوں کی وصولی میں 10 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عازمینِ حج کے اصرار پر سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کرانےکی تاریخ میں 22 دسمبر تک توسیع کا اعلان کیا گیا۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اسپانسر شپ اسکیم میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستیں وصول کی جارہی ہیں، بیرون ملک سے ڈالرز میں ادائیگی کرنے والے بلا قرعہ اندازی کامیاب کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ عازمینِ حج کے اصرار پر وزارتِ مذہبی امورنے حجِ بدل پر 5 سالہ پابندی ختم کر دی ہے جس کے بعد گزشتہ پانچ سال کے دوران حج کرنے والے اس سال حج درخواست دینے کے اہل قرار ہوگئے۔
واضح رہے کہ حج درخواستیں 15 بینکوں میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔