42

علماء کرام عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے شعور اجاگر کریں،،نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑکا

علماء کرام عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے شعور اجاگر کریں،،نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑکا

علماء کرام عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے شعور اجاگر کریں،محفوظ اور روشن مستقبل کیلئے صحت مند زندگی ہمارے بچوں کا حق ہے،نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑکا پولیو سے متعلق قومی علما کانفرس سے خطاب

اسلام آباد۔28دسمبر (بیوروچیف):نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے علماء کرام پر زوردیا ہے کہ وہ پاکستان کو پولیو سے پاک قوم بنانے کے مقصد کے حصول کے لئے عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے شعور اجاگر کریں،محفوظ اور روشن مستقبل کیلئے صحت مند زندگی ہمارے بچوں کا حق ہے،پولیو کے خلاف مہم میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون کو سراہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے جمعرات کو پولیو کے خاتمے سے متعلق قومی علما کانفرس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان ،وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی طاہر اشرفی اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قرآن و حدیث ہماری رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں ، قرآن و سنت کی روشنی میں ہم نے اجتماعی فیصلے کرنے ہیں۔

انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کے انسداد پولیو مہم کے معاملے پر اجتماع کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواہش ہے کہ علماء کرام تمام قومی مسائل کے حوالے سے ایسے ہی اکھٹے ہوں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ علماء کرام کے اتفاق سے ہی عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے روشن مستقبل کیلئے صحت مند زندگی ان کاحق ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ اپنے بچوں کی زندگی کا تحفظ کر سکتے ہیں، غزہ میں بچوں کا اجتماعی قتل عام ہو رہا ہے ، جو انسانیت کے لمحہ فکریہ ہے ۔ مسلمان کسی مذہب یا اس کے پیروکار سے نفرت نہیں کرتا اور ہمیشہ انصاف کیلئے کھڑا ہوتا ہے ۔

وزیر اعظم نے پولیو کے قطرے پلانے کو غیر شرعی سمجھنے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ علماء کرام ایسے عناصر کے خلاف کھڑے ہوں ، بغیر تحقیق کے پولیو قطروں کے حوالے سے جھوٹ نہ پھیلایا جائے۔ علماء کرام ایسے لوگوں کا محاسبہ کریں ۔ نگران وزیر اعظم نے کہا کہ مسلمان معقول رویہ اختیار کرنے والا ہوتا ہے ، نا معقول رویوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ، قرآن مجید میں تحقیق کے بغیر کسی بات کو پھیلانے سے منع فرمایا گیاہے ۔

وزیر اعظم نے علماءحق پر زور دیا کہ وہ علماء سو کے سامنے کھڑے ہوں ، معاشرے کی قرآ ن و حدیث کی روشنی میں رہنمائی کریں اور حق اور سچ کو سامنے لائیں۔ وزیر اعظم انسداد پولیو کیلئے معاونت فراہم کرنے والے اقوام متحدہ کے پروگرام، بل گیٹس اور بین الاقوامی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے ہمارے بچوں کی صحت اور روشن مستقبل کیلئے جو معاونت اور مالی مدد فراہم کر رہے ہیں اس کا اعتراف نہ کرنا بددیانتی ہوگی کیونکہ پولیو ہماری آئندہ نسلوں کیلئے خطرہ ہے ۔

قبل ازیں وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی نے کہا کہ علماء کرام نے اہم قومی مسائل پر ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے، علماء کرام کا یہ اجتماع انسداد پولیو مہم کے حوالے سے متفق ہے ، پولیو ویکسین میں کوئی غیرشرعی اور نقصان دہ چیز نہیں ہے اور اس کا استعمال جائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریعت نے انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی تلقین کی ہے ، علماء کرام پولیو کے انسداد کے پروگرام کی توثیق کرتے ہیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے اس کانفرنس کے انعقاد کی ہدایت کی تھی کیونکہ انسداد پولیو مہم میں علماء کرام کا انتہائی اہم کردار ہے ، انہوں نے انسداد پولیو مہم کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلانے پر کانفرنس میں شریک علماءکرام کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ علماء کی شمولیت سے انسداد پولیو مہم مزید موثر ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کی موجودگی کی وجہ سے پاکستان کو عالمی سطح پر مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے پولیو ورکرز کو بھی سراہا جو مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں۔ سیکرٹری صحت افتخار شالوانی نے کہا کہ علمائے کرام انسداد پولیو مہم میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، بچے ہمارا قومی اثاثہ ہیں ، ، ان کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں