33

پاکستان ایران کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، مرتضیٰ سولنگی

پاکستان ایران کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد۔28دسمبر (بیورو رپورٹ):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعلقات اور میڈیا کے شعبوں سمیت دوطرفہ ثقافتی تعاون کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین میڈیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ جیسے معاہدے ہماری ثقافت اور روایات کو حقیقی روشنی میں پیش کرنے میں مدد دیں گے۔

وہ جمعرات کو یہاں ملاقات کے لئے آئے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں میڈیا کے شعبوں میں تعاون، ثقافتی وفود کے تبادلوں، دوطرفہ باہمی تجارتی تعلقات، ایران ایکسپو 2024 سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں تجارتی و اقتصادی شعبوں بالخصوص ای سی او تنظیم کے دائرہ کار میں باہمی تعاون، مشرق سے مغرب تک راہداری، دونوں ممالک کی بندرگاہوں پر دوطرفہ تعاون اور تہران اسلام آباد تعلقات میں توسیع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے مواقع تلاش کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور ایران گہرے مذہبی، ثقافتی اور لسانی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور ایران کی اسلامک ری پبلک نیوز ایجنسی (ارنا) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور ایران کی آڈیو ویژول میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (ساترا) اور ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اور ایران کے آڈیو ویژول اور سینما کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کیلئے ایم او یوز پر کام جاری ہے۔

ملاقات میں پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن اور اسلامک ری پبلک آف ایران براڈ کاسٹنگ کے درمیان مفاہمتی عمل کو تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ ایران کے سفیر نے اسلام آباد میں اسلامک ری پبلک آف ایران براڈ کاسٹنگ کا بیورو آفس کھولنے سے متعلق نگران وفاقی وزیر اطلاعات کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک ری پبلک آف ایران براڈکاسٹنگ کا بیورو آفس آئندہ سال جنوری کے تیسرے ہفتہ میں اپنا کام شروع کر دے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلامک ری پبلک آف ایران براڈ کاسٹنگ کے بیورو آفس کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات کے شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ٹیلی وژن، فلمز، سینما، ادبی اور لسانی اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے اس طرح کے کئی معاہدے زیر بحث ہیں۔ یہ معاہدے ہماری ثقافت اور روایات کو حقیقی روشنی میں پیش کرنے میں مدد دیں گے۔

ملاقات میں ایران کے ثقافتی وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایران کے ثقافتی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، اس طرح کے دوروں سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ثقافتی وفد کو پاکستان کے میڈیا ہائوسز، پریس کلبز اور دیگر ثقافتی اداروں کا دورہ کرایا جائے گا۔ ملاقات میں ایران ایکسپو 2024 کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ایران ایکسپو 2024 دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کا اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

ایران کے سفیر نے کہا کہ ایران ایکسپو 2024 دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے لئے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے ایرانی سفیر کو پاکستان میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کا بنیادی مینڈیٹ انتخابی عمل میں معاونت کرنا ہے، صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہرممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ ایران کے سفیر نے صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے نگران حکومت کے عزم کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں