سندھ، پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑے، متعدد افراد زخمی
سندھ، پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑے، متعدد افراد زخمی
چکوال: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 تلہ گنگ میں سیاسی جماعت کے کیمپ پر دو گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سیاسی جماعت کے کیمپ پر دو گروپوں میں فائرنگ کا واقعہ پولنگ اسٹیشن کے قریب پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ریٹرننگ افسر نے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کاعمل روک دیا ہے جبکہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ میں بھی حلقہ این اے 79 میں گورنمنٹ ہائی اسکول واہنڈو پولنگ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں ہوا، جھگڑے میں ن لیگ کا ایک کارکن زخمی ہو گیا۔
صادق آباد کی چک نمبر 171کے پولنگ اسٹیشن پر بھی دو سیاسی جماعتوں میں جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے 5 افراد زخمی ہو گئے۔
ادھر بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں بھی پی بی 13 نصیر آباد ون میں پولنگ اسٹیشن جاگن خان عمرانی میں پیپلزپارٹی اور آزادامیدوار کے حامیوں میں جھگڑا ہوا۔
پولیس کے مطابق جھگڑےکےدوران فائرنگ میں 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جھگڑےکے باعث پولنگ کا عمل کچھ دیر متاثر رہا۔
حیدرآباد میں بھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 220 میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکن سینٹ بوناوینچر اسکول پولنگ اسٹیشن میں آمنے سامنے آ گئے، دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ اور فائرنگ کی جس کے باعث پولنگ کا عمل رک گیا اور پولیس و رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے، عمومی طور پر پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری ہے تاہم کچھ مقامات پر پولنگ عملے اور پولنگ ایجنٹس کے نہ پہنچنے کے باعث پولنگ کے عمل میں تاخیر کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔