108

اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کیلیے خصوصی نمائندہ مقرر کرے: وزیراعظم

مظفر آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر کی صورتحال کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے آزاد کشمیر پہنچنے پر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ان کا استقبال کیا۔

مظفر آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے آل پارٹیزحریت کانفرنس کے نمائندوں نے ملاقات کی جس میں حریت رہنماؤں نے انہیں مقبوضہ کشمیرمیں حالیہ صورتحال سےآگاہ کیا جب کہ حریت نمائندوں نےمقبوضہ کشمیر میں خصوصاً پیلٹ گنزکے استعمال پرتشویش کااظہار کیا۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے نمائندوں نےپاکستان کی حکومت اوروزیراعظم کاشکریہ اداکیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کی سیاسی، سفارتی اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیری عوام پر بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف کابینہ اجلاس میں غم و غصے کا اظہار کیا گیا، کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بھارتی فوج کے ظلم اورجبر کی شدید مذمت کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزارت خارجہ، سفارتی مشنز اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے متحرک ہیں، بھارتی جارحیت کا سامنا کرنے والے مقبوضہ کشمیر کےعوام قابل قدر ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا میں اجاگر کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آزاد کشمیر کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نےثابت کیا کہ ظلم ان کی جدوجہدکونہیں روک سکتا، حکومت پاکستان نے بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی ہے اور 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر کا اعلان کیا گیا ہے، حکومت، عوام اور سیاسی جماعتیں کشمیریوں کی ہرقسم کی حمایت کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر کی صورتحال کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں