57

کہ کائنات میں موجود تمام رحمتیں حضور نبی کریم ﷺ کی شان ِ مبارک رحمت اللعالمین کا صدقہ اور حصہ ہیں،محمد نقیب الرحمن

کہ کائنات میں موجود تمام رحمتیں حضور نبی کریم ﷺ کی شان ِ مبارک رحمت اللعالمین کا صدقہ اور حصہ ہیں،محمد نقیب الرحمن

راولپنڈی (بیورو چیف ) عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ کائنات میں موجود تمام رحمتیں حضور نبی کریم ﷺ کی شان ِ مبارک رحمت اللعالمین کا صدقہ اور حصہ ہیں۔ حضور نبی رحمت ﷺ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم کرے گا ہمارے لیے بہترین تعلیم ہے جو دین ودنیا میں یقینی کامیابی کی ضمانت ہے۔

احادیث ِ مبارکہ میں موجود ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس نے کلمہ طیبہ پڑھا وہ جنت میں داخل ہو گیا۔ ایک صحابی رسول ﷺ نے جب آپ ﷺ کو مسجد نبوی شریف میں موجود نہ پایا اور وہ ایک خوشبو کو محسوس کرتے کرتے ایک باغ میں پہنچے جہاں پر حضور نبی کریم ﷺ تشریف فرما تھے تو ان صحابی رسول ﷺ کو مصطفی جان ِ رحمت ﷺ نے ارشاد مبارک فرمایا کہ جس نے کلمہ طیبہ پڑھا وہ جنت میں داخل ہو گیا

تو صحابی رسول ﷺ اتنا بڑا کرم اور احسان دیکھ کر عرض کرنے لگے کہ یا رسول اللہ ﷺ ایک مرتبہ اور ارشاد مبارک فرما دیجئے اور تیسری مرتبہ بھی یہی درخواست کی تو حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس نے کلمہ طیبہ پڑھا وہ جنت میں داخل ہو گیا۔ اُن صحابی رسول ﷺ نے اس کی اطلاع لوگوں کو دینے کی اجازت طلب کی تو آپ ﷺنے اجازت عطا فرما دی۔ وہ پھر عرض کرنے لگے کہ اے اللہ کے رسول ﷺ میں اتنے بڑے انعام کا لوگوں سے ذکر کروں گا تو لوگ کیسے میری بات کا یقین کریں گے۔

اس پر آپ ﷺ نے فرمایا کہ یہ میرے نعلین مبارک ساتھ لے جائیں اور اگر کوئی پوچھے تو یہ ان کے سامنے کر دیں۔ اتنی بڑی خوشخبری سن کر وہ صحابی رسول ﷺ خوشی سے تمتماتے چہرے کے ساتھ باغ سے باہر نکلے کہ مدینہ منورہ کے لوگوں کو یہ خوشخبری سنائیںتو اس دوران حضرت عمر خطاب ؓ سے رستے میں ان کی ملاقات ہوئی

اور جب حضرت عمر خطا ب ؓ کو اس خوشخبری کا پتہ چلا تو وہ صحابی رسول ﷺ کو لے کر واپس حضور نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے کہ یا رسول اللہ ﷺ آپ اتنا بڑا انعام عطا فرما رہے ہیں کہیں یہ سن کر لوگ شریعت ِ مطہرہ اور احکامات ِ دین کی پابندی کرنا نہ چھوڑ دیں۔ اس پر حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد مبارک فرمایا کہ اے عمر ؓ میں نے جو عطا فرمانا تھا وہ عطا فرما دیا ۔ کیا یہ ممکن ہے کہ میرے ساتھ تعلق کا دعوے دار شریعت ِ مطہرہ اور احکامات ِ دین کو چھوڑے گا، لوگوں کی عزتیں پامال کرے گا

یا اللہ کی مخلوق سے اچھا برتائو نہیں کرے گا۔ غور طلب بات ہے کہ محسن اعظم انسانیت ﷺ کس قدر عظیم رہنمائی فرما رہے ہیں کہ حضور نبی کریم ﷺ کی سچی غلامی اختیار کرنے والے کبھی بھی کسی صورت دوسروں کے لیے باعث تکلیف اور پریشانی نہیں ہوتے ۔ دوسروں کی عزتیں نہیں اچھالتے اور اپنے اعلیٰ اخلاق و کردار سے مخلوق ِ خدا کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکے روز ہفتہ وار درس ِ حدیث ِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی خوشحالی ترقی ، افواج پاکستان کی سربلندی ، اتحاد بین المسلمین اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات اور آباد کاری کے لیے خصوصی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں