113

کشمیری عوام الحاق پاکستان چاہتے ہیں اور اس کے لئے انہوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، چوہدری انوارالحق

کشمیری عوام الحاق پاکستان چاہتے ہیں اور اس کے لئے انہوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، چوہدری انوارالحق

مظفرآباد(پی آئی ڈی) 19 مئی 2024ء
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے ۔کشمیری عوام الحاق پاکستان چاہتے ہیں اور اس کے لئے انہوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ریاست کو کرپشن فری سٹیٹ بنا دیا ہے.اقتدار اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے اور اسے صرف مخلوق خدا کی بھلائی کے لئے استعمال کروں گا. آزادکشمیر میں عام آدمی کی عزت نفس کو بحال کرنے کیلئے وی آئی پی کلچر اور پروٹوکول کا خاتمہ کر دیا ہے. اب ریاست کے فنڈز صرف عام آدمی کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جائیں گے. نظریہ پاکستان کا داعی ہوں اور اس پر پہرہ دیتا رہوں گا.

روشن اور مستحکم پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے.ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے 13ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور, چیف سیکرٹری آزادکشمیر داؤد محمد بڑیچ, سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے. وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی, بہتر تعلیم کے حصول, روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری, ہائیڈل اور ٹورازم سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں. وزیراعظم نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم سے سرکاری اداروں میں 94 فیصد حاضری ہو چکی ہے

. 16 ارب روپے روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے خرچ کئے ہیں. ای ٹینڈرنگ سے 3 ارب روپے سے زائد کی بچت ہوئی ہے. 16 ارب میں سے 16 روپے کی بددیانتی کا الزام نہیں لگا. وزیراعظم نے کہا کہ ہیلتھ انفراسٹرکچر میں بہتری کیلئے ادویات کے فنڈز میں اضافہ کیا ہے. معذوروں, طلاق یافتہ, بے سہارا, بیوہ اور یتیموں کے لئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا ہے جس کے تحت ان لوگوں کو ان کی دہلیز پر مالی امداد فراہم کی جائے گی.

انہوں نے کہا کہ 3 ارب روپے سے بے روزگار ہنرمند نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کوئی روزگار حاصل کر سکیں. انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر سے تھانے اور پٹوار کلچر کو ختم کر دیا ہے. وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے ٹیکسز کے پیسوں سے کھلواڑ سے دنیا اور آخرت دونوں خراب ہوتی ہیں. انہوں نے کہا کہ اب ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہونا شروع ہو گیا ہے. انشاءاللہ ریاست ترقی کی جانب گامزن ہو گی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں