116

یو اے ای اور سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری ایس آئی ایف سی کے ذریعے ہوگی: وزیراعظم

یو اے ای اور سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری ایس آئی ایف سی کے ذریعے ہوگی: وزیراعظم

یو اے ای اور سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری ایس آئی ایف سی کے ذریعے ہوگی: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز  شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کا دسواں اجلاس  وزیراعظم  ہاؤس میں ہوا جس میں سرمایہ کاری کے اقدامات  پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور  وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات، وزیر خزانہ محمد  اورنگزیب،  وزیر داخلہ محسن نقوی،  وزیر دفاع خواجہ آصف،  وزیر توانائی اویس لغاری  اور  دیگر شریک  ہوئے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی شریک ہوئے، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز  بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں  وزرائے اعلیٰ نے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ شرکاء نے اپیکس کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عمل درآمد پر اظہار اطمینان کیا۔

اجلاس کے شرکاء سےگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  صوبائی حکومتوں کو ایس آئی ایف سی میں ساتھ لےکر چل رہے ہیں، یو اے ای نے 10 ارب ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کردیے ہیں، ہم نے کشکول توڑ دیا ہے اب تجارتی اور معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے بھی ایس آئی ایف سی کے اقدامات کو سراہا ہے، عسکری قیادت نے ملک میں  غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے،غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل سرخ فیتہ برداشت نہیں کیا جائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ  وقت گزرنے کے ساتھ ایس آئی ایف  سی کی کامیابیوں نے ناقدین کا منہ بند کردیا،  ایس آئی ایف سی پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، صوبائی حکومتیں  ایس آئی ایف سی پر اعتماد کرتی ہیں، ایس آئی ایف سی کے حوالے سے افسران مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ  حالیہ ہفتوں میں سعودی عرب  اور  یو اے ای جانےکا موقع ملا، یو اے ای میں دوسرےممالک کے زعماء اور وفودسے ملاقاتیں ہوئیں، مجھے خوشی ہوئی انہوں نے ایس آئی ایف سی پر اظہار اطمینان کیا، یو اے ای اور سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری  ایس آئی ایف سی کے ذریعے  ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ایس آئی ایف سی نےقانونی شکل اختیارکی تو خدشات کا اظہار کیاگیا، ہم اپنے اہداف کو ایس آئی ایف سی کے  ذریعے حاصل کریں گے، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے غیرملکی فرم ہائر کرلی ہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=cr9iGGmqfTQ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں