125

عوامی ایکشن کمیٹی کا شکرگزار ہوں ہڑتال ختم کرتے ہوئے جمہوری طریقہ اختیارکیا، ،پیر محمد مظہر سعیدشاہ

عوامی ایکشن کمیٹی کا شکرگزار ہوں ہڑتال ختم کرتے ہوئے جمہوری طریقہ اختیارکیا، ،پیر محمد مظہر سعیدشاہ

مظفرآباد( پی آئی ڈی)27مئی2024
وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعیدشاہ نے کہا ہے کہ میڈیا قومی یکجہتی اور اتحادواتفاق کیلئے اپنااہم کردار ادا کرے ، عوامی ایکشن کمیٹی کا شکرگزار ہوں کہ اس نے ہڑتال ختم کرتے ہوئے جمہوری طریقہ اختیارکیا، حکومت تمام زیرالتواءمعاملات کو حل کرنے کیلئے مل بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہے ،ہم نے لفظوں کی جنگ میں نہیں پڑنابلکہ قومی یکجہتی اور ملکی سلامتی کے بیانیے کو پروان چڑھانا ہے ۔ہم کشمیری ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت ہم سے یہ شناخت نہیں چھین سکتی،

ہمیں شناخت کی عصبیت میں نہیں پڑنا بلکہ اعزازات کو لیکر چلنا ہے ، اللہ کا بنداہونا اور نبی رحمتﷺ کا امتی ہونا ہمارا اعزاز ہے ۔ نبی رحمت ﷺ نےعصبیت کے نعروں کو چھوڑنے کا حکم دیا ہے اور لسانیت اورقومیت کے ناپاک وبدبودار نعروں سے منع فرمایا ہے ۔ بطور وزیراطلاعات میڈیا کی آواز بنوں گا اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے ہر ممکن کردارادا کروں گا۔ مقبوضہ کشمیر میں عبادات پر پابندی ہے اور شہری آزادیاں سلب ہیں ۔پاکستان سے روح اور قلب کا رشتہ ہے ،روشن پاکستان ہماری منزل ہے ، نہ صرف الحاق پاکستان بلکہ الحاق امت کا قائل ہوں ، مدینہ سے ہماری نظریاتی سرحدیں تو مل رہی ہیں

ہمارا عزم ہے کہ ہماری زمینی سرحدیں مدینہ سے ملیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیرا طلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے سینٹرل پریس کلب مظفرآباد کے دورہ کے دوران اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری اطلاعات انصریعقوب خان اور ناظم تعلقات عامہ راجہ شاہد حسین بھی موجود تھے ۔ تقریب سے صدرسینٹرل پریس کلب واحد اقبال بٹ ، سیکرٹری جنرل اے کے این ایس ظہیر احمد جگوال ، سینئر صحافی ذوالفقار بٹ،سیکرٹری سینٹرل یونین آف جنرنلسٹس طاہر احمد فاروقی، صدرٹی وی جنرنلسٹس ایسوسی ایشن آصف رضا میر، امتیاز اعوان،عارف عرفی ، راجہ افتخار اور نعیم چغتائی نے بھی خطاب کیا اور پیر محمد مظہرسعید شاہ کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پریس کلب آمد پر خیر مقدم کیا

۔ صدرسینٹرل پریس کلب اور دیگر مقررین نے جنرنلسٹس کالونی کی تعمیر سمیت دیگر مسائل کی جانب بھی وزیر اطلاعات کی توجہ مبذول کروائی۔ قبل ازیں سینٹرل پریس کلب آمد پر وزیر اطلاعات کا صدر سینٹرل پریس کلب و دیگر عہدیداران نے استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہاکہ ،بیس کیمپ کے قیام کا مقصد تحریک آزادی کشمیر ہے ، 2019 کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر میں 867بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیاجاچکا ہے ،ہمیں اپنے مقصد سے نہیں ہٹنا ، سب سے پہلے ہمارا دفاع ہے اور باقی معاملات اس کے بعد ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کے توسط سے عوامی ایکشن کمیٹی کو مل بیٹھنے کی دعوت دیتاہوں ، مسائل حل کرنے کے بجائے کہیں نئے مسائل پیدا نہ ہوجائیں اس حوالے سے محتاط رہنا ہے ،قومی یکجہتی کیلئے میڈیا کا ساتھ چاہیے ،

ہم نے ذات کےبجائے قومی مفادات کو مقدم رکھنا ہے ۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ ہمیں قومی و ملی یکجہتی کے بیانیے کو پروان چڑھانا ہے اور نفرت اور انتشار کا قلع قمع کرنے میں ایک دوسرے کا دست و بازو بننا ہے ۔ نبی رحمت رسولﷺ نے بھی بیانیہ بنانے کیلئے چار صحابہ کرامؓ کو مامورکیاتھا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ حکومت پاکستان اور قومی اداروں کو شکرگزارہوں کہ انہوں نے آزادکشمیر کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے فنڈز فراہم کیے اور دیگر اقدامات اٹھائے ، وزیراعظم آزادکشمیر نے دبنگ انداز میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمیت دیگر فورمز پر کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا جس کا میں عینی شائدہوں ۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ حق گوئی سے کوئی نہیں روک سکتا ، تہذیب اوراخلاق کوملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے ،

حکومت اچھا کام کررہی ہے تو اسکی توصیف ہونی چاہیے ، معاشرے میں جزاو سزا کاہونا انتہائی ضروری ہے ، اگر ہم اچھے کام کی تعریف اور برے کو برا نہیں کہیں گے تو آگے نہیں بڑھ سکتے ۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی سربراہی میں قائم آزادحکومت نے آزادکشمیر میں پہلی مرتبہ معاشرے کے بے سہارا افراد کیلئے 09 ارب کا انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا ،انوارالحق پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے اپنے صوابدیدی اختیارات خود ختم کر دیے اورپروٹوکول کلچر کو بھی ختم کیا ، وزیراعظم آفس کا بجٹ نصف سے بھی کم خرچ کیاگیا

، بے لاگ احتساب کا عمل شروع کیا گیا ، زکوۃ فنڈ سے وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ذریعے براہ راست ادائیگیوں کو ختم کر کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو براہ راست ادائیگیاں کیں تاکہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ دارلحکومت کے قدیمی صحافتی ادارے کی جانب سے جس محبت کا اظہار کیا گیا اس پر انکا شکرگزارہوں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں