جنوبی وزیرستان: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نقیب اللہ محسود کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور وہاں 2 میگا پراجیکٹس کا افتتاح کیا، ان منصوبوں میں وانا میں ایگریکلچر پارک اور مکین میں مارکیٹ شامل ہیں، ایگریکلچر پارک کثیر المقاصد تجارتی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوگا جس میں ایک ہزار ٹن کولڈ اسٹوریج کی سہولت میسر ہوگی جب کہ منصوبے فاٹا میں سماجی واقتصادی ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں
At Makeen COAS also met father of Naqeeb Ullah Mehsud, condoled and offered Fatiha. COAS said that Army shall support all efforts to let him get the justice. pic.twitter.com/jwn8g0LVSz
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) April 5, 2018
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کراچی میں پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے قبائلی نوجوان نقیب اللہ محسود کے والد سے بھی ملاقات کی اور بیٹے کی موت پر ان سے تعزیت کی ، اس موقع پر انہوں نے نقیب اللہ محسود کے والد کو یقین دلایا کہ فوج انہیں انصاف دلانے کی تمام کاوشوں کی حمایت کرے گی۔
پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فاٹا کو عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق قومی دھارے میں لانا پختہ امن کے لیے ضروری ہے، دہشت گردی کے خلاف کارروائی مشکل دور تھا تاہم اب استحکام اور ترقی کا مرحلہ ہے اور ہم امن اورترقی کے دورمیں داخل ہوچکے ہیں۔