عدلیہ مجرم کو سزا دے ورنہ دہشتگرد جماعتوں کو سیاسی جماعت کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا: مریم اورنگزیب
عدلیہ مجرم کو سزا دے ورنہ دہشتگرد جماعتوں کو سیاسی جماعت کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا: مریم اورنگزیب
لاہور: صوبائی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ عدلیہ سے گزارش ہے مجرم کو سزا دینا ہوگی ورنہ کل تمام دہشتگرد جماعتوں کو سیاسی جماعت کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ2014 کے دھرنے میں منتخب وزیراعظم کو وزیراعظم ہاؤس سے نکال کر گھسیٹنے کی کال دی جاتی رہی، سپریم کورٹ کی دیوار پر گندے کپڑے لٹکائے گئے، یہ لوگ منصوبہ بندی کے تحت 2014 سے ریاستی اداروں پر حملہ آوور ہیں، جب ملک ترقی کررہا تھا تو دھرنا کیا گیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 2018 میں آرٹی ایس بٹھا کر اس شخص کو مسلط کیا گیا، عدم اعتماد میں نکالا گیا تو سائفر کا ڈراما کیا، پولیس وارنٹ لے کر زمان پارک جاتی تھی تو وہاں پیٹرول بم بنانے کی ٹریننگ دی جاتی تھی، 18 مارچ کو لشکر لے کر عدالت گئے جہاں کلاشنکوف لےکر لوگ گاڑیوں پر سوار تھے اور کہا گیا کہ اگر مجھے پکڑا گیا تو سخت ردعمل آئے گا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ہم نے کون سی تنصیبات جلائیں؟ کون سے شہدا کے مجسمے گرائے؟ کون سے پولیس والوں کو مارا؟ ہم نہیں چاہتے کسی جماعت پر پابندی لگے مگر عدلیہ سے گزارش ہے مجرم کو سزا دینی ہوگی ورنہ کل تمام دہشتگرد جماعتوں کو سیاسی جماعت کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ (بانی پی ٹی آئی) کہتا ہے میں نے 190 ملین پاونڈ چوری کے پیسے کا ٹرسٹ بنایا ہے، انصاف کا نظام کہتا ہے وہ نوجوانوں کو اسلامی تعلیم دیتا ہے، باہر بیٹھے ہوئے پی ٹی آئی کے لوگ کیسے ٹوئٹس کررہے ہیں؟ سپریم کورٹ جس کو انصاف دینا ہے مگر وہ اس طرح کی جماعت کی سیاسی ٹکٹیں بانٹ رہے ہیں، یہ اعتراف کا وقت نہیں بلکہ سزا دینے کا وقت ہے۔