منگھوپیر سے 6 سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد، لواحقین کا احتجاج
کراچی: شہر قائد کے علاقے منگھوپیر میں کچرا کنڈی سے ملنے والی 6 سالہ بچی کی شناخت رابعہ کے نام سے ہوگئی۔
کراچی: انسپکٹرل جنرل (آئی جی) سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے منگھوپیر میں کچرا کنڈی سے 6 سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
دوسری جانب بچی کے لواحقین کی جانب سے کٹی پہاڑی پر مظاہرے کے دوران پولیس سے جھڑپوں میں اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز منگھوپیر میں کچرا کنڈی سے ایک 6 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کی شناخت آج صبح رابعہ کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق مقتولہ بچی اورنگی ٹاؤن بلوچ پاڑہ کی رہائشی تھی
جو اتوار (15 اپریل) کو گھر سے کھیلنے کے لیے نکلی تھی اور اس کے بعد لاپتہ ہوگئی تھی۔پولیس کے مطابق بچی کے والد نے تھانہ اورنگی ٹاؤن میں گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
تاہم گذشتہ روز بچی کی تشدد زدہ لاش منگھو پیر میں ایک کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق بچی کے ڈی این اے کے سیمپل لے لیے گئے ہیں اور رپورٹ آنے کے بعد تحقیقات میں پیش رفت ہوسکے گی۔
بچی کے لواحقین کا احتجاج
بچی کے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے میت کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے احتجاج کرتے ہوئے کٹی پہاڑی جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی۔
مظاہرین سے مذاکرات کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی کٹی پہاڑی پہنچی، تاہم پتھراؤ ہونے پر پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا۔
مظاہرین کے پتھراؤ کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا، جبکہ پولیس کی ہوائی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔
صورتحال بگڑنے پر رینجرز کی اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی جبکہ علاقے کو سیل کرتے ہوئے اسکول اور دکانیں بھی بند کروا دی گئیں۔
آئی جی سندھ کا نوٹس
دوسری جانب آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی ویسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ مقتولہ بچی کے لواحقین کو اعتماد میں لیا جائے اور شواہد اور ورثاءکے بیانات کی روشنی میں تفتیش کو مؤثر بنایا جائے۔
آئی جی سندھ نے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
2 نامزد ملزمان گرفتار
ایس ایس پی ویسٹ عمر شاہد کے مطابق بچی کے والد نے 3 ملزمان کو نامزد کیا تھا، جن میں سے 2 کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ایک ملزم کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
“منگھوپیر سے 6 سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد، لواحقین کا احتجاج” ایک تبصرہ