خواتین کی تضحیک: عظمیٰ کاردار نے رانا ثناء اللہ کو قانونی نوٹس بھیج دیا 144

خواتین کی تضحیک: عظمیٰ کاردار نے رانا ثناء اللہ کو قانونی نوٹس بھیج دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عظمیٰ کاردار نے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی جلسے میں شریک خواتین کے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کیے اور پاکستان کی 52 فیصد خواتین کی تضحیک کی۔

نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ 7 روز میں معافی مانگیں ورنہ قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور ان کے خلاف 5 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کی رہنما عظمٰی کاردار نے اپنے وکیل کے ذریعے وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو قانونی نوٹس بھیجا ہے۔

یاد رہے کہ رانا ثناء اللہ نے 29 اپریل کو لاہور کے مینار پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شریک خواتین کے حوالے سے نازیبا جملے ادا کیے تھے جس پر پی ٹی آئی کا شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔

رہنما پی ٹی آئی علی زیدی نے کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران سوال اٹھایا تھا کہ کیا مریم نواز اب رانا ثناء کے بیان کی مذمت کریں گی؟ شوکاز نوٹس دیں گی؟

علی زیدی نے دھمکی دی تھی کہ اگر شہبازشریف نے بطور صدر ن لیگ اس بیان پر نے معافی نہ مانگی تو گورنر ہاؤس کراچی پر خواتین کا احتجاج ہوگا۔

اس کے بعد صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بعض پارٹی رہنماؤں کی جانب سے دیے جانے والے خواتین مخالف بیان پر میں معذرت خواہ ہوں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں