نگراں وزیراعظم کیلئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں حتمی مشاورت آج ہوگی 118

نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان منگل کو کریں گے، خورشید شاہ

نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان منگل کو کریں گے، خورشید شاہ

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف کے درمیان ملاقات ہوئی جب کہ خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ منگل کو ایک اور ملاقات کے بعد حتمی نام کا اعلان کردیا جائے گا۔

وزیراعظم کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقات کی۔

خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ ترکی جارہے ہیں ، نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے اتوار کو ملاقات رکھ لیتے ہیں جس کے بعد طے ہوا کہ منگل کو ایک اور ملاقات ہوگی جس میں نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کیا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم سے مختلف ناموں پر تبادلہ خیال ہوا ہے اور منگل کو نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیں گے۔

وزیراعظم سے ملاقات سے قبل صحافی نے خورشید شاہ سے سوال کیا کہ ‘ کیا اپوزیشن نے اپنے ناموں کو حتمی شکل دے دی’ جس پر قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ‘میں اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم کے نام پر بحث کریں گے’۔

یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے مروجہ طریقہ کار کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی طرف سے نام سامنے آتے ہیں اور کسی ایک نام پر اتفاق ہونے پر اسے نگراں وزیراعظم نامزد کردیا جاتا ہے۔

پہلے مرحلے میں کسی نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں نگراں وزیراعظم کے انتخاب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جاتا ہے اور اگر کمیٹی بھی کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جاتا ہے، الیکشن کمیشن تجویز کردہ ناموں میں سے کسی ایک موزوں شخص کا انتخاب نگراں وزیراعظم کے لیے کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں