سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 5 سالہ مدت مکمل، آج رات 12 بجے تحلیل ہوجائیں گی 124

سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 5 سالہ مدت مکمل، آج رات 12 بجے تحلیل ہوجائیں گی

سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 5 سالہ مدت مکمل، آج رات 12 بجے تحلیل ہوجائیں گی

کراچی: سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں اپنی 5 سال کی مدت مکمل کرکے آج رات 12 بجے تحلیل ہو جائیں گی۔

دوسری جانب دونوں اسمبلیوں کا آخری اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے۔

سندھ اسمبلی

سندھ اسمبلی کی پانچ سالہ مدت کا آخری اجلاس آج اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ہوگا، اجلاس کے دوران ارکان اپنا الوادعی خطاب کریں گے۔

اجلاس سے قبل تمام ارکان سندھ اسمبلی کا فوٹو سیشن ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے درمیان آج اہم ملاقات بھی ہوگی، جس میں نگراں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر فیصلہ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے پیپلز پارٹی کے حلقوں میں سابق چیف سیکریٹری غلام علی شاہ پاشا اور ڈاکٹر قیوم سومرو کا نام لیا جا رہا ہے۔

جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے آفتاب شیخ، مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے سید غوث علی شاہ اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جسٹس ریٹائر امیر ہانی مسلم کا نام سامنے آیا ہے۔

مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کا الوداعی اجلاس بھی آج شام وزیراعلیٰ ہاؤس میں طلب کیا ہے، جس کے بعد کابینہ ارکان کے اعزاز میں افطار عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی

خیبر پختونخوا اسمبلی کی آئینی مدت آج رات 12 بجے مکمل ہوجائے گی، جس پر اسمبلی و کابینہ آج رات تحلیل ہو جائے گی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا الوداعی اجلاس بھی آج ہوگا، جس میں تمام ارکان اسمبلی کو بلایا گیا ہے۔

ان پانچ سالوں میں قومی وطن پارٹی دو بار حکومت میں شامل ہوئی اور الزامات لگنے پر حکومت سے الگ ہوئی۔

تقریباً 5 سال تک حکومت کا حصہ رہنے والی جماعت اسلامی نے بھی آخری دنوں میں تحریک انصاف کی حکومت چھوڑ کر اپنے راستے جدا کیے۔

اس دوران شوکت یوسفزئی سمیت کئی اراکین پر کرپشن کے الزامات لگے، تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی پر باقاعدہ کرپشن کے الزام پر کیس بھی بنا اور انہیں پابند سلاسل بھی کیا گیا۔ جب کہ تحریک انصاف کے دیگر 20 اراکین اسمبلی پر بھی سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے پر شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے۔

تحریک انصاف نے 150 سے زیادہ نئے قوانین پاس کیے

پولیس ریفارمز کو حکومت کا بڑا کارنامہ سمجھا جاتا ہے جب کہ احتساب کمیشن کی ناکامی احتساب کی دعویدار صوبائی حکومت کی ناکامی سمجھی جاتی ہے۔

بلوچستان اسمبلی کا الوداعی سیشن

بلوچستان اسمبلی کا الوداعی سیشن آج سے شروع ہوگا، جو 3 روز تک جاری رہےگا۔

اجلاس کے دوران حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے اراکین کارکردگی بیان کریں گے۔

واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی 31 مئی کو اپنی آئینی مدت پوری کرےگی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں