آزاد کشمیر کے صحافیوں کیلئے باضابطہ طور پر پنشن فنڈقائم کیا جائے گا، فاروق حیدر
مظفرآباد(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ہدایت کی ہے کہ بزرگ صحافیوں کو پنشن کی ادائیگی کیلئے فوری طور پر ورکنگ پلان طے کیا جائے اور پریس فاؤنڈیشن کی مراعات کو بڑھانے کے لیے مکمل اور جامع تجاویز مرتب کی جائیں۔ حکومت آزاد کشمیر صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام وسائل فراہم کرے گی۔ ساری عمر اس شعبہ کو دینے والے صحافی حضرات جب عمر پیرانہ سالی میں پہنچتے ہیں تو ان کی اور ان کے اہل خانہ کی مناسب دیکھ بھال کیلئے ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کریگی اور ان کیلئے باضابطہ طور پر پنشن فنڈقائم کیا جائے گاجس کیلئے محکمہ اطلاعات اور پریس فاؤنڈیشن کام کریں۔ پریس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مختلف صحافیوں کو جو مراعات دی جارہی ہیں
ان کو فوری طور پر بڑھانے اور صحافیوں کے ساتھ محکمہ اطلاعات کی استعداد کار میں اضافے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ موجودہ ساڑھے چار سالوں میں حکومت نے صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھائے اور پریس کلب ہا کی تعمیر، صحافتی کالونی کیلئے زمین کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اب ورکنگ جرنلسٹس کی پنشن کا کام بھی شروع کیا جارہا ہے۔حکومت نے ریاستی پریس کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور وسائل فراہم کیے کورونا کے باوجود ریاستی میڈیا کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے حکومت نے تمام وسائل فراہم کیے۔ نیلم، ہٹیاں، پلندری پریس کلب ہا کی تعمیر باغ اور حویلی میں پریس کلبوں کی زمین کے ساتھ ساتھ بزرگ صحافیوں کی پنشن،
اے کے این ایس کے ممبران کی فاؤنڈیشن میں شمولیت، سینئر صحافیوں کے ڈیتھ کلیم اور فاؤنڈیشن کی پہلے سے موجود مراعات کو بڑھانے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے جبکہ AOBIکو فعال کرنے کے حوالے سے بھی احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ایوان وزیر اعظم میں وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار علی اور سیکرٹری فاؤنڈیشن راجہ اظہر اقبال نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل اے کے این ایس راجہ امجد حسین ،پریس سیکرٹری راجہ محمد وسیم خان اورمیڈیا کوآرڈینیٹر سردار علی شان بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم کو فاؤنڈیشن کے جاری منصوبہ جات اور آمدہ پروگراموں کے متعلق بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ چیئرمین سے حتمی منظوری اور بورڈ آف گورنرز سے تابع توثیق منظوری حاصل کر کے رولز کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے مظفرآباد میں قائم ہونے والے آرکائیو کے حوالے سے محکمہ اطلاعات کو نظم و نسق سنبھالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کے کردار اور اقدامات کو سراہا اور انہیں اداروں کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ہدایت کی ہے
کہ ورکنگ جرنلسٹس کی پنشن کے لیے فوری پلان مرتب کیا جائے حکومت اس کے لیے تمام وسائل فراہم کریگی۔وز وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت صحافتی اداروں کو مضبوط اور فعال دیکھنا چاہتی ہے آزاد کشمیر میں صحافی ملک کے دیگر حصوں مقابلہ میں زیادہ آزاد اور خوشحال ہیں۔ حکومت ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے تاہم سوشل میڈیا پر جو کچھ دکھایا جارہا ہے وہ گمراہ کن ہے ،نسل نو اخبارات سے رہنمائی لیتی ہے،اخبارات کو اپنا ادبی معیار مزید بہتر کرنا چاہیئے جبکہ خبر کو تصدیق کے بعد حقائق پر مبنی ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس موقع پر صحافیوں کی جانب سے غلط خبروں اور گمنام چینلز کے خلاف از خود کارروائی کو سراہا اور کہا کہ یہ معیاری صحافت کی جانب اہم قدم ہے۔